لاہور (سپیشل رپورٹر) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور پوری قوم کی طرف سے سکھ برادری کو وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے مذہب کا احترام کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کی اتنی بڑی تعدادکو ویزے جاری کئے۔ حکومت پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے۔ وزارت مذہبی امور کا ادارہ متروکہ وقف املاک بورڈ ،سکھ، ہندو اور دیگر مذاہب کے پاکستان میں منعقد ہونیوالے ہر تہوار کو نہ صرف اہمیت دیتا ہے بلکہ انکی تقریبات کا انعقاد ، رہائشی سہولیات ،لنگر کا اہتمام ، ٹرانسپورٹ اورسیکورٹی کے انتظامات کرنے میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے دوسری مرتبہ اظہار اطمنان کرتے ہوئے مجھے اقلیتوں کی خدمت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر مسلم برادری کی طرف سے یہ اقدامات بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کو ظاہر کرتی ہے۔ وفاقی وزیر نے یاتریوں نے کئے گئے انتظاما ت کو سراہتے ہوئے متروکہ وقف املاک بور اور پاکستان سکھ گور ودوارہ پر بندھک کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی مل کر یاتریوی کی مہمان نوازی اور خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اقلیتوں سے خصوصی محبت رکھتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں سکھ کی بڑی شان ہے۔پاکستان میں گورودوارہ صاحبان کی تزئین و آرائش اور انکو فنکشنل بنایا جا رہا ہے جس سے سکھ، مسلم دوستی محبت کو مزید تقویت ملی ہے۔ وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔بھارت سے آئے دہلی گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے دلجیت سنگھ سرنا نے دور ہ پاکستان کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ پاکستان میں اپنے گورو دوارہ صاحبان کے درشن کر کے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے گورودوارہ صاحبان میں یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ اگرچہ یاتری پہلے سے دوگنا تعداد میں ہیں اسکے باوجود پاکستان میں ہماری مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ ہے۔تقریب سے ایڈیشنل سیکرٹری شرئنز ،صوبائی وزرا بھارت سے آئے سکھ جتھہ لیڈر و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ہائی کمشن کو کے مسٹر بن ،وفاقی وزارت مذہبی امور کے نمائندے ،متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال ،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او ننکانہ ،ڈپٹی سیکرٹری عمر جاوید اعوان ، ہندو رہنماء،سیکورٹی آفیسر عاصم چوہدری سمیت مختلف اقلیتی و سیاسی رہنماوں اور بورڈ کے افسران نے شرکت کی تقریب کے شرکاءنے پاکستان زندہ باد سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے،جبکہ آخر میں سکھ رہنماوں کی طرف سے وفاقی وزیر سمیت دیگرشرکاءمیں خصوصی تحائف تقسیم کئے گئے۔
بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں :سردار یوسف



















