لاہور (اپنے نمائندے سے) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تاریخی یکجہتی غزہ مارچ کے انعقاد پر ہر سطح کی قیادت، ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اہل لاہور سمیت تمام اضلاع سے آنے والے مردوخواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا حق ادا کیا اور غیرت مند مسلمان ہونے کا ثبوت دیا ہے۔اہل فلسطین کی مداد کیلئے غزہ فنڈریزنگ اور اسرائیلی منصوعات کے مکمل بائیکاٹ کی مہم جاری رکھیں گے۔اہل فلسطین کی عملی مدد کیلئے مسلم حکمرانوں نے غیرت ایمانی کا مظاہرہ نہ کیاتو تاریخ معاف نہیں کریگی جبکہ دنیا کے بھر کے علماءاکرام نے اہل فلسطینی کی مدد کو فرض جہاد قرار دیا ہے ۔ فلسطین غزہ کے مسلمانوں کی سب سے بڑی قتل گاہ بن چکا ہے،جہاں عام شہری موت کے ایک نہ ختم ہونے والے چکر میں پھنسے ہوئے ہیں۔غزہ میں ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے امداد کا ایک قطرہ بھی نہیں پہنچا‘ خوراک، ایندھن، دوا سمیت سب ناپید ہے، فلسطینیوں کو زبردستی چھوٹے علاقوں میں دھکیلا جا رہا ہے، امداد روک دی گئی ہے اور ان کی زندگی کیلئے حالات اس حد تک ناقابل برداشت ہو چکے ہیں جو ان کے بطور قوم وجود کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔ اسرائیل اہل غزہ پر غزہ کی سر زمین تنگ کر رہا ہے، غزہ بھر میں کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جو محفوظ ہو۔ان خیالات کااظہار انہوں نے شہر لاہور کی تاریخ کے ایک بڑے اور کامیاب یکجہتی غزہ مارچ کے انعقاد پر شہر بھر کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع ارکان میں جماعت اسلامی کے ہر سطح کے کام کے حوالے سے مکمل جائزہ لیا گیا۔ سوال جواب کا سیشن ہوا۔ غلبہ دین کی جدوجہد کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ارکان کی جانب سے امیر لاہور اور نظم کو تجویز پیش کیں گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراءجماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت، خالد احمد بٹ ، وقاص احمد بٹ، ڈپٹی سیکرٹری عبدالعزیز عابد ، عامرنثار خان، امراءاضلاع و سیکرٹریز اور ہر سطح کے ذمہ داران اور کارکنان موجود تھے۔
فلسطین غزہ کے مسلمانوں کی سب سے بڑی قتل گاہ بن چکا :جماعت اسلامی



















