امسال گندم کی بمپر کراپ کا تخمینہ ہے: ترجمان پنجاب سیڈ کارپوریشن

لاہور (مشرق نیوز) پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ امسال صوبے میں گندم کی بمپر کراپ کا تخمینہ ہے جو نہ صرف صوبے بلکہ ملکی معیشت کےلئے اچھی خبر ہے ، کسان کٹائی سے پہلے گندم کی کھڑی فصل کی حفاظت اور کٹائی کے بعد اسے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ زراعت اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کے فیلڈ افسران کی ہدایات پر عمل کریں ۔ اپنے بیان میں ترجمان پنجاب سیڈ کارپوریشن نے کہا کہ گندم کی فصل کسان اور اس کے خاندان کی سال بھر کی محنت ہے اس لئے ضروری ہے کہ اس کی حفاظت کے لئے ہر ممکن تدبیر اختیار کی جائے ، اللہ تعالیٰ نے پنجاب کے کسانوں کو ان کی بھرپور محنت کا پھل دیا ہے جس کی وجہ سے بمپر کراپ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ کسان اپنی فصل کی حفاظت کے لئے طے شدہ طریق کار کے مطابق عملی اقدامات کریں، محکمہ زراعت اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کے فیلڈ افسران سے بھی ہر طرح کی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صوبے میں زراعت کی ترقی کے وژن کی تکمیل کیلئے وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی ، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی رہنمائی میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔