لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر کے درمیان ایرانی قونصلیٹ میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان مکئی، گوشت، گندم اور دیگر زرعی اجناس کی برآمداد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اورایران کے درمیان مشترکہ مذہب اور ثقافت کی وجہ سے گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے بالخصوص تجارت ،سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی بالخصوص چیمبرز کی کانفرنسز ہونی چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ تجارتی مواقع میسر آسکیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی بارڈر پر بنے سلاٹر ہاﺅسز سے ایران کو گوشت ترسیل کرنے سے پاکستانی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کی پیدوار بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جانور پالنے والوں کو بھی منافع بخش فائدہ پہنچے سکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت آج غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر اعتماد بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب وزارت خارجہ کے دوروں کے ثمرات اب ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر نے کہا کہ ایران پاکستان سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے گوشت درآمد کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے ایران فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاںنے پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکزکے سینئر نیوز پروڈیوسر خواجہ شاہد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب نے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مرحوم کی صحافتی شعبے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم نے نیوز پروڈکشن ، ایڈیٹنگ اورمانیٹرننگ سمیت اہم شعبوں میں گراں قدر ذمہ داریاں سر انجام دیں۔
پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں: گورنر پنجاب



















