آرمی ایکٹ درست، ملٹری ٹرائل کیلئے آزادانہ فورم کیوں نہیں؟ آئینی بنچ

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) آئینی بنچ نے ریمارکس دئیے آرمی ایکٹ درست ہے لیکن ملٹری ٹرائل کیلئے آزادانہ فورم کیوں نہیں ؟۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس پر سماعت کی، جسٹس علی مظہر نے کہا ڈیفنس آف پاکستان اور ڈیفنس سروسز آف پاکستان 2علیحدہ چیزیں ہیں،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا ممنوعہ جگہ پر داخل ہونا بھی خلاف ورزی میں آتا ہے، کنٹونمنٹ کے اندر شاپنگ مالز بن گئے اگر میرے پاس اجازت نامہ نہیں اور میں زبردستی اندر داخل ہوا ہوں تو کیا میرا بھی ملٹری ٹرائل ہو گا؟ 1967 کی ترمیم کے بعد ٹو ڈی ٹو کا کوئی کیس نہیں آیا پہلا کیس ہے سن رہے ہیں، لاہور، کوئٹہ، گوجرانوالہ میں کینٹ کے علاقے ہیں، ایسے میں تو سویلین انڈر تھریٹ ہوں گے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کوئٹہ کینٹ میں تو آئے روز اس نوعیت کے جھگڑے دیکھنے کو ملتے ہیں، جسٹس علی مظہر نے کہا شاپنگ مالز کو ممنوعہ علاقہ قرار نہیں دیا جاتا، کراچی میں 6 سے 7 کینٹ ایریاز ہیں، وہاں ایسا تو نہیں ہے کہ مرکزی شاہراہوں کو بھی ممنوعہ علاقہ قرار دیا گیا ہو۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا ہم سپریم کورٹ کے 5 سے 6 ججز کلفٹن کینٹ کے رہائشی ہیں، وہاں تو ممنوعہ علاقہ نوٹیفائی نہیں ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا مجھے ایک مرتبہ اجازت نامہ نہ ہونے کے سبب کینٹ ایریا میں داخل نہیں ہونے دیا گیا، ڈیفنس آف پاکستان کی تعریف میں جائیں تو سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ بھی آتے ہیں، پاکستان میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ شروع سے موجود ، آرمی ایکٹ درست قانون ہے، جب سے آئین میں آرٹیکل 10 اے آیا پہلے والی چیزیں ختم ہو گئیں، ملٹری ٹرائل کیلئے آزادانہ فورم کیوں نہیں ؟جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے اگر ممنوعہ جگہوں پر جانے پر ملٹری ٹرائل شروع ہوئے تو کسی کا بھی ملٹری ٹرائل کرنا بہت آسان ہو گا، کیا ملٹری کورٹس میں زیادہ سزائیں ہوتی ہیں اس لیے کیسز جاتے ہیں؟ عام عدالتوں میں ٹرائل کیوں نہیں چلتے؟، آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں کیس پرمزید سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی۔