اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امریکہ، چین، سعودی عرب، روس سمیت عالمی مندوبین نے منرلز انویسٹمنٹ فورم میں گہری دلچسپی کااظہار کردیا۔
ریکوڈک مائننگ کمپنی کے نمائندے رسل ہاورڈ اوون نے منصوبے کی فزیبلٹی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں ہے، منصوبہ معدنیات کی کان کنی شعبے میں پاکستان کو دنیا کے نقشے پر اہم ملک کے طور پر سامنے لایا،ریکوڈک معدنیات 286 کلو میٹر کے علاقے پر محیط ہیں، 19 کلو میٹر رقبے پر جیو تکنیکی ڈرلنگ ہو چکی ،ریکوڈک میں سونے ،تانبے کے وسیع ذخائر موجود ہیں،منصوبے کے پہلے مرحلے پر رواں سال کام شروع ہوگا، 2028 میں منصوبے سے سونے ، تانبے کی پیداوار حاصل ہونا شروع ہوگی۔
رسل ہاورڈ نے کہا فزیبلٹی سٹڈی میں ریکوڈک میں تانبے کے ایک کروڑ 50 لاکھ ٹن ، سونے کے 2 کروڑ 60 لاکھ اونس ذخائر کا پتہ چلا ، 2028 سے ریکوڈک کان سے 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبا ، 3 لاکھ اونس سونا سالانہ نکالا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن تانبا ، 5 لاکھ اونس سالانہ سونا نکالا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان اور سعودی عرب نے ارضیاتی سروے میں شراکت داری پر اتفاق کرلیا،عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب جیولوجیکل سروے کے سربراہ انجینئر عبد اللہ مفطر الشمرانی نے کہا باہمی تعاون کو تجربے ، علم کی شراکت داری سے آگے بڑھایا جائے گا،سعودی ،پاکستان کے سروے ڈیپارٹمنٹس کے حکام میں ملاقات ہوئی ،ملکر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا ،تجربات، مشاہدات اور علوم کو شیئر کیا جائے گا ،2اداروں کے درمیان بہترین تعاون کا دونوں ملکوں کو فائدہ ہو گا۔
عبد اللہ مفطر الشمرانی نے کہاسعودی عرب کی جانب سے منرل سمٹ میں وفد بھجوایا گیا ،حکومتی حکام کے علاوہ سرمایہ کار بھی شامل ہیں،پاکستانی کمپنیوں کےساتھ کافی مفید بات چیت ہوئی ،دونوں ممالک میں مزید مواقع کی تلاش جاری رکھیں گے۔
عالمی مندوبین کی منرلز انویسٹمنٹ فورم میں گہری دلچسپی



















