لاہور ،تین ماہ میں 151 خواتین سے زیادتی، 1100 سے زائد اغوا،27 کو قتل کیا گیا
لاہور (مشرق نیوز) پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں خوفناک اضافے دیکھا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے اپنے اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ رواں برس جنوری سے مارچ تک (صرف 3 ماہ میں) 27 خواتین کو قتل کیا گیا، 151 سے زیادتی کی گئی، جبکہ 1,182 خواتین اغوا ہوئیں۔ اغوا کی گئی خواتین میں سے صرف 988 کو بازیاب کرایا جا سکا، جب کہ 194 اب تک لاپتہ ہیں۔تین ماہ کے دورانئے میں 138 بچوں کو اغوا کیا گیا، جن میں سے 14 اب تک نہیں مل سکے۔ خواتین کے ساتھ زیادتی کے 151 اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے 47 مقدمات درج ہوئے۔خواتین کے ساتھ زیادتی کے مقدمات میں سے 110 ملزمان گرفتار ہوئے جب کہ 41 فرار ہیں۔ بچوں کے زیادتی کے 44 ملزمان پکڑے گئے لیکن 3 اب بھی فرار ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور زیادہ تر مقدمات کو حل کر لیا گیا ہے۔ ماہرین سماجیات کا کہنا ہے کہ اتنے کم عرصے میں ہونے والے سنگین جرائم نے شہریوں میں خوف و اضطراب پھیلا دیا ہے۔عوام کی طرف سے سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور حکام سے مزید سخت حفاظتی اقدامات اور مجرموں کیخلاف فوری انصاف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

















