وزیر داخلہ کی میاں برادران، وزیراعلیٰ سے ملاقات، بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے امکانات

لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی میاں برادران اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ اہم ملاقات کے بعد پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کے امکانات ظاہر ہونے لگے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب سے لیکر ایس ایچ او تک تبدیلیاں ہوں گی۔ دیگر اضلاع کے آر پی اوز ڈی پی اوز سی پی اوز بھی تبدیل کئے جائیں گے جبکہ لاہور سے تعلق رکھنے والے چند ایس پیز سمیت ڈی آئی جی آپریشنز اور انویسٹی گیشن بھی تبدیلی کے ریڈار میں آئیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کئے جانے کے امکانات ہیں جبکہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کو آئی جی پنجاب تعینات کئے جانے کے آثار نظر آرہے ہیں۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور کو بھی لاہور میں اہم سیٹ دئیے جانے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں ۔سی سی پی او لاہور کی تعیناتی کیلئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی دوبارہ فیورٹ قرار دئیے گئے ہیں ۔آئی جی اسلام آباد کیلئے سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم کا نام زیر غور ہے۔ امکان ہے ہزاروں کی تعداد میں پولیس افسران میں پروموشن کا سیلاب لانے والے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی تبدیلی کے بعد صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے تمام سینئر اور جونیئر پولیس افسران کو تبدیل کر دیا جائیگا۔