کراچی (مشرق نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج ، ڈھاکہ سٹاک ایکسچینج اور کولمبو اسٹاک ایکسچینج نے تینوں سٹاک ایکسچینجوں کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے ایک سہ فریقی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈی ایس ای کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر گذشتہ جمعرات کو کولمبو میں دستخط کئے گئے، اس معاہدے کا مقصد ٹیکنالوجی کی ترقی اور اشتراک، انسانی وسائل کا تعاون، مصنوعات کی ترقی، ریگولیٹری کوآرڈینیشن، سرمایہ کاروں کا تحفظ، اور مارکیٹوں کے درمیان علم کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
دستخط کی تقریب میں ڈی ایس ای کے چیئرمین مومن الاسلام، سی ایس ای کے چیئرمین دلشان وراسی کارا، اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین عاکف سعید کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے ڈائریکٹرز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی میں باہمی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے، ہماری سٹاک ایکسچینج اپنے متعلقہ ممالک میں مضبوط اور موثر سرمائے کی منڈیوں کی ترقی میں ایک موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ڈی ایس ای کے چیئرمین نے ایک پینل ڈسکشن میں حصہ لیا جس کا عنوان تھا ’ فرنٹیئر کیپٹل مارکیٹوں میں رہنمائی: کس طرح مارکیٹ ریگولیشن اور ایکسچینج کی ترقی موثر سرمائے کی مارکیٹ کی ترقی کو فروغ دیتی ہے۔ ڈی ایس ای کے نمائندوں نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اور کمشنرز، پی ایس ایکس کے سینئر ایگزیکٹوز اور سی ایس ای کے عہدیداروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔
ڈی ایس ای کے چیئرمین مومن الاسلام نے کہا کہ جنوبی ایشیائی سٹاک ایکسچینجز، سوائے ہندوستان کے اپنے نسبتاً چھوٹے سائز کی وجہ سے تکنیکی اور آپریشنل رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ یہ حدود بے پناہ صلاحیت والی مارکیٹوں کو اپنی پوری صلاحیت تک پہنچنے سے روکتی ہیں۔
پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی سٹاک مارکیٹوں میں ایم او یو پر دستخط



















