غزہ، بیروت، تل ابیب، نیویارک، پیرس: (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) اسرائیلی درندگی جاری، غزہ، لبنان پر سفاکانہ حملے، مزید سینکڑوں شہید، بمباری سے واحد کینسر ہسپتال بھی تباہ ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر وحشیانہ بمباری سے مزید سینکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے غزہ کا واحد کینسر ہسپتال بھی مکمل تباہ کردیا، کینسر ہسپتال کو 2017 میں ترکیہ کی 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی امداد سے دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا اور سالانہ 10 ہزار مریضوں کا علاج کیا جاتا تھا۔
اسرائیلی فوج نے رفح میں بھی زمینی آپریشن کیا۔ شمالی علاقوں کی طرف پیش قدمی سے فلسطینی پھر علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔
ادھر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے چند دنوں کے دوران 5 امدادی کارکن بھی مارے گئے،غزہ میں تقسیم کےلئے صرف 6 دن کا آٹا رہ گیا۔
دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم کے حکم پر اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان کے علاقے یوہمور پر درجنوں فضائی حملے کیے،متعدد افراد شہید ہوگئے۔ نیتن نیت یاہو نے کہا اسرائیل پر کیے حملوں کے ردعمل میں لبنان پر حملوں کا حکم دیا، اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے امن مشن نے کہالبنان اسرائیل بگڑتی صورتحال خطے کےلئے سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا غزہ و مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہااسرائیل کی غزہ پر تازہ بمباری و انسانی امداد کی منظم ناکہ بندی سمیت بڑھتی جارحیت قابل مذمت ہے، روزانہ فوجی چھاپے، آباد کاروں کے حملے ، زمینوں کا غیر قانونی انضمام مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی منظم کوشش ہے۔
منیر اکرم نے کہا قابل اعتماد سیاسی عمل شروع کیا جائے جو 1967سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کرے، یرغمالیوں کی رہائی حاصل کرنے کا بہترین طریقہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد ہے، اسرائیل نے غزہ میں جاری نسل کشی کو مغربی کنارے تک پھیلا دیا، سلامتی کونسل کو اسرائیلی جارحیت کےخلاف فیصلہ کن اقدام کرنا ہوگا، جنگ کو نہ روکا تو طاقتور ریاستوں کی بدترین فطرت بے نقاب ،اقوام متحدہ چارٹر کے اصول چکنا چور، دنیا جہنم میں تبدیل ہو جائے گی جہاں صرف تصادم اور تباہی کا راج ہوگا، اسرائیلی محاصرے سے 90 فیصد سے زائد غزہ کی آبادی بھوک کا شکار ہے، غزہ میں بچے مر رہے ہیں، عمارتیں تباہ کی جا رہی ہیں۔
مزید برآں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر سعودی عرب کے ساتھ ملکر مشترکہ طور پر کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا۔
اسرائیلی درندگی، غزہ، لبنان پر سفاکانہ حملے، سینکڑوں شہید،کینسر ہسپتال تباہ

















