ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدکا شہر میں پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار ناراضگی، منظور کالونی میں کنٹریکٹر کی جانب سے سیوریج لائن بچھانے کاکام شروع نہ کرنے پر تشویش کا اظہار، کنٹریکٹرز کو اسی ہفتے کام شروع کرنے کی سختی سے ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار احمد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،اے ڈی سی جنرل نیاز احمد مغل، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، سٹی منیجر پسپ اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سٹی منیجر کو ہدایت کی کہ ٹائم لائن کے مطابق منصوبے مکمل نہ کرنے والے کنٹریکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جوگی چوک سے لوئر باری دوآب تک زیر تعمیر ڈرین کے کام کو بھی تیز کیا جائے اور ڈرین پر سلیب رکھنے کے ساتھ ساتھ صفائی بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی سٹریٹ پر ٹف ٹائل لگانے کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے سی ای او میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے بتایاکہ گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ہسپتال کے داخلی دروازوں پر روکاوٹ کا سبب بننے والی تمام ریڑھیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
منصوبے مکمل نہ کرنیوالے کنٹریکٹرز کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے :کمشنر ساہیوال



















