اہل غزہ کو اپنے ہاں آباد کرنے کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں،صومالیہ

موغادیشو (مشرق نیوز) متعدد امریکی اور اسرائیلی حکام کے اس انکشاف کے بعد کہ امریکہ اور اسرائیل نے تین مشرقی افریقی ممالک کے حکام سے غزہ سے فلسطینیوں کو آباد کرنے کیلئے اپنی زمینوں کے استعمال پر بات کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے، صومالیہ اور اس الگ ہونے والے صومالی سرزمین کی جانب سے ردعمل سامنے آگیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صومالیہ اور علیحدگی پسند صومالی لینڈ کے وزرائے خارجہ نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کو غزہ سے فلسطینیوں کی آباد کاری کیلئے امریکہ یا اسرائیل کی طرف سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔ صومالی وزیر خارجہ احمد معلم فقی نے زور دے کر کہا کہ ان کا ملک کسی بھی فریق کی طرف سے کسی بھی تجویز یا اقدام کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے جس سے فلسطینی عوام کے اپنی سرزمین پر امن سے رہنے کے حق کو نقصان پہنچے۔انہوں نے مزید کہا کہ صومالی حکومت کو ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔ موغادیشو کسی بھی ایسے منصوبے کی مخالفت کرتا ہے جس میں دیگر رہائشیوں کو دوبارہ آباد کرنے کیلئے صومالی زمینوں کا استعمال شامل ہو۔صومالی لینڈ کے وزیر خارجہ عبد الرحمن ظاہر ادان نے کہا ہے کہ مجھے اس حوالے سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی فلسطینیوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات چیت ہوئی ہے۔