اسلام آباد:(بیورورپورٹ)منی بجٹ کے خدشات ختم،مذاکرات کامیاب،آئی ایم ایف معاشی واقتصادی بحالی سے مطمئن،2ارب ڈالر دینے کی یقین دہانی کرادی۔
ذرائع کے مطابق2ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ،قرض کی شکل میں دئیے جائیں گے، رقم اقساط میں ملے گی، وفد نے پاکستانی درخواست کی منظوری کیلئے گرین سگنل دیتے ہوئے کہادرخواست ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کی جائے گی،آئی ایم ایف جائزہ مشن مذاکرات کے بعد واپسی پر باضابطہ بیان جاری کرے گا،کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے آئی ایم ایف گراﺅنڈ ورکنگ کو مانیٹر کرے گا، اقتصادی جائزہ مذاکرات کے بعد ایگزیکٹو بورڈ سے قرض کی منظوری اپریل، مئی میں متوقع ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع نے کہا پاکستان ،آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل اور تمام امور طے کرلیے گئے ،مشن معاشی و اقتصادی بحالی پر مطمئن ہوگیااب پاکستان ،آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف سطح کے معاہدے پر دستخط ہوں گے ، ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد قسط جاری ہوگی۔
ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب سے ملاقات کی ، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کی معاشی کارکردگی و آئندہ کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا،عالمی مالیاتی فنڈ نے ریٹیل ،رئیل سٹیٹ سمیت کئی شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے ،امیر طبقات پر چھوٹ ختم اور بڑے جاگیر داروں سے زرعی انکم ٹیکس وصولی کا مطالبہ کردیا۔
ایف بی آر نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بہتر بنا کر آئی ایم ایف کو مطمئن کیا، مشن 12 ہزار 970 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف 600 ارب کم کرنے پر راضی ، رواں مالی سال معاشی حکمت عملی میں ضروری ترامیم پر بھی اتفاق ہوگیا ،ٹیکس ہدف میں کمی سے منی بجٹ کے خدشات ختم ہوگئے۔
جائزہ مشن نے زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی کےلئے قانون سازی کو سراہتے ہوئے اہداف تیزی سے حاصل کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا بڑے صنعتکاروں کو بھی سپر ٹیکس دینا ہوگا،وفد نے وزیر خزانہ اورنگزیب کو معاشی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی،وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاتمام اہداف پر مکمل عملدرآمد کریں گے،قرض پروگرام میں رہتے ہوئے کسی اہداف کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔
مذاکرات کامیاب،IMFکی 2ارب ڈالر دینے کی یقین دہانی



















