آئندہ 2 ماہ کےلئے شرح سود 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان، مہنگائی مزید کم ہوگی: سٹیٹ بینک

کراچی (بیورو رپورٹ) سٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کےلئے شرح سودکا اعلان کردیا،سٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ 2ماہ کےلئے شرح سود 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،فروری 2025 میں مہنگائی توقعات سے کم رہی اور غذائی اجناس اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی دیکھی گئی، معاشی سرگرمیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور درآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، معاشی استحکام کےلئے مستقبل بنیادوں پر موجودہ حقیقی شرح سود کافی حد تک مثبت ہے،مالی سال 2025 میں جی ڈی پی نمو 2.5 تا 3.5 فیصد کی پیش گوئی کو برقرار رکھا ہے، جون تک زرمبادلہ ذخائر 13 ارب ڈالر سے زیادہ ہوجائیں گے،سٹیٹ بینک کے مطابق غذا اور توانائی کی قیمتوں کا بڑھنا مہنگائی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، مہنگائی میں مزید کمی ہوگی اور پھر بتدریج بڑھتے ہوئے 5 سے 7 فیصد پر مستحکم ہوجائے گی،گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے مانیٹری پالیسی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں مجموعی طور پرمعاشی سرگرمیاں بہترہورہی ہیں، درآمدات میں اضافے سے بیرونی کھاتے پر دباو¿ کا سامنا ہے، معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے موجودہ شرح سود کو برقرار رکھا گیا، جنوری 2025 کے معاشی اعدادوشمار کا جائزہ لیا، کھاتہ خسارے کا شکار ہوا ، زرمبادلہ ذخائر کم ہوئے، جنوری 2025 میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی منفی رہی،جمیل احمد نے کہا محصولات اکھٹا کرنے کی شرح جنوری اور فروری میں کم ہوئی ، مہنگاپائیدار نمو کےلئے ساختی اصلاحات ضروری ہیں،مہنگائی کی کور شرح کو 7 سے5 فیصد کے درمیان رکھنے کیلئے محتاط زری پالیسی کا اعلان کیا۔