منہاج یونیورسٹی لاہور کی گراﺅنڈ میں شجرکاری مہم کا آغاز

لاہور: (ایجوکیشن رپورٹر) منہاج یونیورسٹی لاہور میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے یونیورسٹی گراونڈ میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈائریکٹر ایڈمن سلمان جہانگیر، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ یہ ماحول کی بہتری کیلئے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے درختوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور اس مہم کا مقصد طلبہ میں شجرکاری کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ کم از کم ایک درخت ضرور لگائے اور اس کی دیکھ بھال بھی کرے، تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا اور سرسبز ماحول دے سکیں۔ اس مہم کے تحت یونیورسٹی کے مختلف حصوں میں درخت اور پودے لگائے جائیں گے، جو ماحول کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔شجرکاری مہم کے دوران طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے بھی پودے لگائے اور شجرکاری کے عمل میں بھرپور شرکت کی۔