ٹریفک وارڈن کا معذور رکشہ ڈرائیور پر تشدد، سی ٹی او نے معطل کردیا

لاہور (کرائم رپورٹر) ٹریفک وارڈن کی معذور رکشہ ڈرائیور پر تھپیڑوں کے ساتھ تشدد کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں ٹریفک وارڈن کو تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، معذور رکشہ ڈرائیور ٹریفک وارڈن کو بتاتا ہے کہ میں معذور ہوں، معذوری کی حالت میں اپنے بچوں کو حلال رزق کما رہا ہوں۔ٹریفک وارڈن معذور رکشہ ڈرائیور کی کوئی بات نہیں سنتا، ٹریفک وارڈن معذور رکشہ ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتا ہے، مقامی لوگوں نے اکٹھے ہو کر رکشہ ڈرائیور کی جان چھڑوائی۔اہل علاقے نے کہا کہ ٹریفک وارڈن اکٹھے ہوکر صرف چالان کرتے ہیں، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کرتے ہیں، شہریوں سے ہاتھا پائی اور بدتمیزی معمول کی بات ہے۔دوسری طرف چیف ٹریفک آفیسر اطہر وحید نے ٹریفک وارڈن کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دیدیا ۔ رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں ٹریفک وارڈن کو تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تشدد کی ویڈیو سامنے آتے ہی سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے ٹریفک وارڈن کو فوری طور پر معطل کردیا ۔انہوں نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو معاملے کی انکوائری کرنے کاحکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان اور مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، کسی صورت بھی کسی شہری کی تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔