سی بی ڈی پنجاب ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر عمل پیرا ہے: عمران امین

لاہور (کامرس رپورٹر) سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے سی بی ڈی روٹ 47 کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین اور ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر آفتاب سیال نے منصوبے پر ہونے والے شجرکاری اور خوبصورتی کے کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اس دورے میں دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے جن میں ڈائریکٹر پروجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، ڈائریکٹر کنسٹرکشن آصف بابر، نیسپاک کے پی ڈی جمشید جنجوعہ اور کنٹریکٹرز شامل تھے۔ ان تمام نمائندوں نے سی ای او کو منصوبے کی تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دورے کے دوران، سی ای او عمران امین نے سی بی ڈی روٹ 47 پر شجرکاری میں اضافے اور سبزہ زار کو مزید وسعت دینے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید شہری ترقی کے ساتھ ساتھ ماحول کو صاف ستھرا اور سرسبز رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے سی بی ڈی پنجاب کی ماحولیاتی تحفظ کی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ ہم جدید شہری ترقی کو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ہم آہنگ کر رہے ہیں تاکہ ایک سرسبز اور پائیدار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ صاف اور سرسبز پنجاب ہمارا خواب ہے جس کی تکمیل کیلئے ہم پرعزم ہیں۔ سی بی ڈی روٹ 47 پر اسفالٹ کی آخری تہہ بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے جو اس منصوبے کی تکمیل کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ اس کے علاوہ، روٹ کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے سیمپین ٹریز کے ماڈل نصب کئے جا رہے ہیں جبکہ نئے روڈ سائنز بھی لگا دئیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی اور نیوی گیشن کو بہتر بنایا جا سکے۔ سی بی ڈی روٹ 47 ایک جدید شہری ترقیاتی منصوبہ ہے، جس میں ماحول دوست اقدامات کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ لاہور کو ایک ترقی یافتہ اور سرسبز شہر بنانے میں اہم کردار ادا کریگا۔ سی بی ڈی پنجاب جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کو اوّلین ترجیح دے رہا ہے۔ سی بی ڈی روٹ 47 جیسے منصوبے پاکستان میں سبز شہری ترقی کے نئے معیار قائم کر رہے ہیں۔ سی ای او عمران امین کا یہ دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ سی بی ڈی پنجاب جدید شہری ترقی اور ماحول دوست اقدامات کے امتزاج کے ساتھ ایک روشن اور پائیدار مستقبل کی جانب گامزن ہے۔