لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے جونیئر اداکاروں کے غیر سنجیدہ روئیے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اشنا شاہ اپنی بے باک رائے اور بہترین اداکاری کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز مشہور ڈرامہ بشر مومن سے کیا اور وقت کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کیا۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اشنا شاہ نے جونیئر اداکاروں کے غیر سنجیدہ رویے پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو اداکار ایک یا دو سین کیلئے آتے ہیں، وہ اکثر اپنے کردار پر محنت نہیں کرتے جس کا اثر سین کی مجموعی کارکردگی پر پڑتا ہے۔ اشنا شاہ نے کہا کہ اکثر جونیئر اداکار اپنی تمام تر توجہ سین پر دینے کے بجائے مرکزی کردار ادا کرنے والے سٹارز کے ساتھ تصویریں لینے میں مشغول رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر اداکار اپنی لائنیں یاد نہیں کرتے جس کی وجہ سے ان کے سین کمزور نظر آتے ہیں اور اس سے پوری ٹیم کی محنت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اگر یہ جونیئر اداکار اپنے مکالمے صحیح طریقے سے یاد کریں اور اداکاری میں محنت کریں تو یہ ناصرف ان کیلئے بلکہ پوری انڈسٹری کیلئے فائدہ مند ہو گا۔ اشنا شاہ نے امید ظاہر کی کہ نئے آنے والے اداکار پروفیشنلزم کا مظاہرہ کریں گے اور اپنے کام کو سنجیدگی سے لیں گے۔
اشنا شاہ کی جونیئر اداکاروں پر تنقید، سخت برہمی کا اظہار



















