قائدین کی کارکردگی صفر، واسا لاہور ملازمین کا ایل ڈی اے الاﺅنس خطرے میں پڑ گیا

لاہور(قمر عباس) واساز کا اتھارٹی بننے کے بعد واسا لاہور ملازمین کا ایل ڈی اے الاﺅنس خطرے میں پڑ گیا۔ سیاسی قائدین مزدور کو حق دلوانے میں مکمل نا کام، ملازمین کو الاﺅنس دلوانے کی کارکردگی زبانی جمع تفریق تک محدود۔ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے شہریوں کو فراہمی اور نکاسی آب کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کی خاطر ابتدائی طور پر پنجاب کے 5 اضلاع کے واساز کو ایک چھتری کے نیچے کرتے ہوئے پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی کو قائم کیا گیا ہے جس کی پنجاب کابینہ سے منظوری کے بعد 29جنوری 2025 نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا جس کے بعد واساز اتھارٹی میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ اتھارٹی کا چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ہیں اتھارٹی قیام کے ساتھ ہی واسا لاہور میں 6300سے زائد سکیل 1سے 16تک کے ملازمین کو ایل ڈی اے الاﺅنس 50فیصد دیا جا رہا ہے جبکہ باقی 50فیصد ایل ڈی اے الاﺅنس گزشتہ ایک سال سے تاخیر کا شکار ہے اس پر سیاسی قائدین کی کارکردگی زبانی جمع تفریق تک ہی محدود ہے۔ ذرائع کے مطابق واساز اتھارٹی بننے کے بعد 50فیصد الاﺅنس جو کہ ایل ڈی اے الاﺅنس کے نام پر ہے خطرے میں دکھائی دے رہا ہے اسی طرح سابق ایل ڈی اے الاﺅنس کے نام ہی سے ملنے والا50فیصد الاﺅنس بھی ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے ملازمین کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی کے قیام کے بعد منعقد ہونے والے اجلاس میں اگر ایل ڈی اے الاﺅنس کے نام کی تبدیلی کی منظوری دی گئی تو پہلے سے ملنے والا 50فیصد ایل ڈی اے الاﺅنس جاری رہیگا۔ اتھارٹی کے قیام کی وجہ سے مزید 50فیصد ایل ڈی اے الاﺅنس کے نہ ملنے پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ اس حوالے سے افسران کو بھی ملنے والے ایل ڈی اے الاﺅنس کا خاتمہ ہو سکتا ہے واسا میں مزدور سیاست کرنے والے قائدین مزدور کو حق دلوانے میں کاغذی باتوں سے مزدور کو حق دلوانے میں فتح یاب ہیں۔پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی کی میٹنگ جو کہ چیئر پرسن کی زیر نگرانی منعقد ہو گی ان کی غیرحاضری میں چیئر پرسن کی جانب سے نامزد وائس چیئرپرسن میٹنگ کریں گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بعد اتھارٹی مکمل طور پر فعال ہو گی جس کے بعد ابتدائی انتظامی امور ودیگر معاملات پر کام ہوگا۔ اس صورتحال کے پیش نظر واسا لاہور ملازمین کو 50فیصد الاﺅنس جو کہ ایل ڈی اے کے نام سے مختص ہے اس کی منظوری خطرے میں پڑ گئی ہے اور واسا لاہور ملازمین کو ان کا حق سیاسی قائدین کی سیاست تک دکھائی دے رہا ہے ۔