غزہ سے متعلق عرب دستاویز میں 10 سالہ جنگ بندی شامل

قاہرہ (مشرق نیوز) عرب ٹی وی نے نجی ذرائع کے حوالے سے غزہ سے متعلق عرب دستاویز کی اہم دفعات کا انکشاف کردیا ہے۔عرب ٹی وی نے بتایا کہ غزہ سے متعلق عرب منصوبے میں بین الاقوامی فریقوں کے وعدے شامل ہیں کہ اسرائیل غزہ میں فوجی کارروائی نہیں کریگا۔ اس میں غزہ میں 10سال سے کم مدت کیلئے جنگ بندی کی شق بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا عرب ممالک رواں ماہ کے آخر تک غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے سے امریکہ کو آگاہ کر دیں گے۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ عرب ممالک غزہ جنگ کو مستقل طور پر روکنے اور تعمیر نو کیلئے ایک جامع دستاویز تیار کرنے کے خواہاں ہیں ۔ مصر نے غزہ کی تعمیر نو کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کا 70 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عرب دستاویز میں بین الاقوامی نگرانی کے ساتھ غزہ کے انتظام کیلئے فلسطینی عبوری کمیٹی کی تشکیل اور غزہ میں رقوم کی تقسیم کی نگرانی کیلئے عطیہ دینے والے ممالک کی کمیٹی کا قیام بھی شامل ہے۔