لاہور:(کامرس رپورٹر)ٹی ڈی اے پی کی بھرپور کوششوں سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تجارتی نمائش میں شرکت کے خواہشمند بیشتر تاجروں کے ویزہ مسائل حل ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد چدھڑ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، ٹی ڈی اے پی کی ڈی جی رافعہ سید اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین احسن شاہد، سید سلمان علی، کرامت علی اعوان، شعبان اختر، وقاص اسلم، عرفان قریشی اور آصف ملک موجود تھے۔
فیض احمد چدھڑ نے کہا ٹی ڈی اے پی نے کامیابی سے سعودی عرب میں تجارتی نمائش منعقد کی جبکہ جلد ہی ایتھوپیا میں بھی نمائش منعقد کی جائےگی جس میں لاہور چیمبر حصہ لے، پاکستان کے بیرون ملک تعینات کمرشل کونسلرز اور قونصل جنرلز کا عہدہ اب ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز میں تبدیل کردیاگیا ہے، کارکردگی کا ہر 3 ماہ بعد جائزہ لیا جائےگا، نااہل افسران کو نوٹس دیے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر واپس بلا لیا جائےگا،لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا بہترین مارکیٹنگ حکمت عملی برآمدات میں اضافے کی کلید ہے، صدر لاہور چیمبر نے حکومت پر زور دیا وہ خام مال برآمد کرنے کے بجائے ویلیوایڈیشن کرے ۔
یو اے ای نمائش میں شرکت کے خواہشمند تاجروں کے ویزہ مسائل حل ہوگئے، فیض چدھڑ



















