فلسطینیوں کی بیدخلی مسترد، غزہ کی تعمیر نو کا جامع منصوبہ پیش کرینگے،عرب لیگ

ریاض،قاہرہ،لندن:(نمائندہ خصوصی،مشرق نیوز)عرب ممالک نے ٹرمپ کامنصوبہ مسترد کرکے غزہ کی تعمیر نو کا جامع منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کردیا ۔

مصری وزارت خارجہ نے کہا خطے میں جامع و منصفانہ امن تک پہنچنے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔

اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر زور دیتے ہوئے کہاغزہ جنگ بندی برقرار رکھنے کیلئے امریکہ ، سٹیک ہولڈرز کی طرف دیکھتے ہیں،اردن کے وزیر خارجہ نے کہا عرب مصر منصوبہ فلسطینی عوام کو بے دخل کئے بغیر غزہ کی تعمیر نو کا ہے۔

ادھر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ نے بھی فلسطینیوں کی جبری بے دخلی مسترد کردی اور اسرائیلی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے دو ریاستی حل کو خطے کے مستقل امن کی بنیاد قرار دےدیا۔

دوسری جانب شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا فلسطینیوں کو سرزمین سے بے دخل کرنا سنگین جرم ہوگا، دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیوں کو وطن سے نہیں نکال سکتی، امریکی صدر کیلئے فلسطینیوں کو اپنی سرزمین چھوڑنے کی مہم کی قیادت کرنا دانشمندی نہیں ۔