دبئی کے ویزوں کے بارے میں اچھی خبر ملنے والی ہے: محسن نقوی
کراچی (مشرق نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ دبئی کے ویزے کے بارے میں اچھی خبر دوں گا، پی ایس ایل نئے رنگ کے ساتھ لائیں گے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے آج کراچی والوں سے کیا گیا وعدہ پورا کیا، نیشنل سٹیڈیم کراچی قذافی سٹیڈیم لاہور جیسا ہوجائےگا، انڈیا یا کسی میچ کی پریشانی نہیں، ٹیم کو ایک میسج ہے کہ اچھا کھیلیں۔محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں واش روم تک نہیں تھے، کرسیاں خراب تھیں، نیشنل سٹیڈیم میں ابھی کافی کام باقی ہے، جس جس کو سٹیڈیم کے بننے کا مسئلہ تھا اب ان کو جواب مل گیا۔انھوں نے کہا کہ اسٹیڈیم سے متعلق ہم بہت پیچھے تھے اب سب سے آگے ہیں، حیدرآباد یا سکھر میں سٹیڈیم بنانے سے متعلق سندھ حکومت سے بات ہوئی ہے، وزیراعظم نے مظفرآباد کا سٹیڈیم بنانے کا کہا ہے، میں اکیلا کچھ نہیں کرسکتا، یہ سب ٹیم ورک ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اچھے سٹیڈیم ڈومیسٹک کیلئے بہت ضروری ہیں، نجی کمپنیوں کو بول رہا ہوں کہ ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل اس بار نئے رنگ کے ساتھ کریں گے، سابق چیئرمین سارے میرے ساتھی ہیں ان کی عزت کرتا ہوں، جس چیئرمین نے بھی کرکٹ کیلئے کام کیا اس کی عزت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔



















