لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرسکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور شرپسند و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائیگی۔یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 11 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور ہونگے۔175 گزٹڈ افسران، 240 انسپکٹرز، 600 سب انسپکٹرز اور 948 اے ایس آئیز سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ 702 ہیڈ کانسٹیبلز، 8 ہزار کانسٹیبلز اور 300 لیڈی اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائیگی۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں سنگین بیماریوں کا شکار ملازمین اور انکے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 40 لاکھ 80 ہزار روپے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدبتایا کہ آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈ اجراءکی منظوری دی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے ذریعے بھی ملازمین کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق غازی کانسٹیبل محمد شہباز کی پروموشن کی درخواست پر ڈی پی او شیخوپورہ کو اور اے ایس آئی خلیل احمد گوہر کی سکالرشپ کی درخواست پر اے آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کے احکامات جاری کئے۔کانسٹیبل محمد حسین کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی۔ شہیدکانسٹیبل محمد صادق کی اہلیہ کی طبی مالی امداد کی درخواست پر اے آئی جی ویلفیئر اور مرحوم ہیڈ کانسٹیبل حسن احمد شاہ کی بیوہ کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر سکیورٹی ہائی الرٹ، شرپسند، ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائیگی :آئی جی پنجاب

















