ای سی سی کا چینی، گھی، خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مجموعی طور پر مہنگائی میں کمی کے باوجود چینی، گھی اور خوردنی تیل سمیت بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا،وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ای سی سی ارکان نے عالمی مارکیٹ میں مہنگائی میں کمی کے باوجود پاکستان میں چینی، گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور ماہ رمضان سے پہلے اشیائے ضروریہ کی سپلائی بہتر بنانے کی ہدایت بھی کردی،ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار اور خوراک کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ، ای سی سی نے گندم، چینی اور دالوں کے ذخائر یقینی بنانے کے ساتھ گٹھ جوڑ اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے پر بھی زور دیا اور وزیر خزانہ نے رمضان میں مناسب نرخوں پر اشیا کی سپلائی یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا،اجلاس کے دوران کمیٹی نے ریونیو ڈویژن کیلئے 2 ارب 79 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی جبکہ رقم اسلحہ و بارود کی خریداری، ڈیجیٹل سٹیشنز اور چیک پوسٹوں پر خرچ ہوگی،کابینہ کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس میں انٹیلی جنس بیورو کیلئے بھی 50 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔



















