ریونیو افسران عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں : نبیل جاوید

ساہیوال (بےورو رپورٹ) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ ریونیو افسران عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور ریونیو مقدمات کا جلد فیصلہ کریں تاکہ سائلین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کی بنیادی ذمہ داری سرکاری واجبات کی وصولی ہے جس پر پوری توجہ دی جانی چاہیے۔ پلس پروگرام کے تحت ونڈاجات کی تقسیم ایک نقلابی منصوبہ ہے جس سے ہر شخص اپنی زمین کا اکیلا مالک ہوگا اور اس کی مخصوص کھیوٹ ہوگا تاکہ ریونیو سے متعلقہ تنازعات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دورہ ساہیوال کے موقع پر کمشنر آفس میں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو آفیسرز کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید،ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی سمیت تینوں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پلس پروگرام کے تحت اراضی کی تقسیم کے عمل اور ریونیو سے متعلق دوسرے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن کے 2045موضعات میں تقسیم کا عمل اسی سال مکمل کرلیا جائے گا جبکہ ضلع ساہیوال کے531میں سے412موضعات کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ ریونیو افسران تقسیم کے عمل میں شفافیت اور غیرجانبداری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل کے متبادل نظام کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام کو مقدمہ بازی سے نجات مل سکے۔انہوں نے کہا کہ دیہات لیول پر نمبرداروں کی خدمات سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز تقسیم کے اس عمل کی خود نگرانی کریں۔ ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ زرعی انکم ٹیکس اور آبیانہ کی وصولی پر پوری توجہ دیں کیونکہ ریونیو واجبات کی ریکوری میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہر ریونیو آفیسر کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے قانون گوئی لیول پر اراضی ریکارڈ سنٹر بنائے جائیں گے جبکہ علاقے کے تمام پٹواریوں کو قانون گوئی لیول پر بٹھایا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کرپٹ اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور محکمہ ریونیو میں کرپشن پر زیروٹالرینس ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا سب سے بڑی ذمہ داری ہے اور محکمہ مال میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ تقسیم کے عمل سے خواتین کو حصے کی ادائیگی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ ان کی حق تلفی نہ ہو۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں کھیوٹ 52ہزار سے بڑھ کرایک لاکھ40ہزار ہوگئی ہے۔