انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے،آئی جی پنجاب

لاہور:(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل صدر ڈویژن لاہور کے افسروں و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعریفی لیٹرز اور اسناد سے نوازا،آئی جی نے ایس پی صدر ڈویژن و ٹیموں کو بہترن کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، اسلحہ کے زور پر ڈکیتی، چوری، راہزنی کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں کی جائیں، بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید برآں آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے تحفظ مراکز کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کمزور طبقات کو سپورٹ فراہم کرنے کےلئے سماجی و فلاحی تنظیموں کےساتھ ایم او یوز سائن کیے گئے ہیں جبکہ چائلڈ لیبر، گھریلو تشدد و سماجی مسائل کا شکار خواتین، بزرگ افراد، ٹرانسجینڈر کمیونٹی، بے گھر بچوں اور نشے کے عادی افراد کو ترجیحی خدمات مہیا کی جارہی ہیں،ڈاکٹر عثمان نے ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا تحفظ مرکز کی کارکردگی خود مانیٹر کریں اور دیگر اداروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور کوارڈی نیشن کو مزید بہتر بنائیں۔