نان جنگ :(شِنہوا) چین میں قمری نئے سال کا آغاز کرنے کی تیاری کے ساتھ خاندانوں کے ملنے اور تہوار کیلئے خریداری اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔اس دوران ایک پاکستانی تاجر عدنان آرائیں موسم بہار تہوار میلے کے مصروف ماحول میں چینی صارفین کو مستند پاکستانی قیمتی پتھروں سے تیار کردہ مصنوعات متعارف کرا رہے ہیں۔
صوبے جیانگسو کے شہر نان جنگ میں منعقدہ یہ تجارتی میلہ 10 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے جو یومیہ 10 ہزار افراد کو متوجہ کررہاہے۔ یہ مقامی اور بین الاقوامی پکوانوں کے ذائقے، گھریلو مصنوعات اور فرنیچر کا ایک متحرک مظاہرہ ہے۔ اگرچہ عدنان آرائیں کے بوتھ رش میں زیادہ نمایاں نہیں ہے تاہم 40 سالہ عدنان نمائش کنندہ پورے دل و جان سے اپنے کام میں لگے ہوئے ہیں، وہ چینی مارکیٹ میں پاکستان کی منفرد مصنوعات کو مسابقتی بنانے کے خواہش مند ہیں۔ سرخ قالینوں اور تہواروں کی سجاوٹ سے سجے اس مقام میں عدنان آرائیں کا بوتھ ان کی دستکاری کا ایک عملی ثبوت ہے۔ خریدار اکثران کی مصنوعات کو سراہتے ہیں۔اس میں چینی ثقافت کے عناصر کو ان پاکستانی قیمتی پتھروں سے تیار کردہ آرائشی مصنوعات کے ساتھ فنکارانہ انداز سے شامل کیا گیا ہے۔
نمائش میں رکھی گئی اشیا میں گلابی بریسلیٹ، نفیس زردی مائل چائے کے سیٹ، انتہائی نفاست سے تراشے گئے مجسمے کے علاوہ ایک میٹر لمبا زرد، سبز رنگ کا گلدان بھی شامل ہے۔ پاکستان میں عدنان آرائیں کی قیمتی پتھروں پر نقاشی کی ایک ورکشاپ ہے جس میں متعدد کاریگر ملازم ہیں۔انہوں نے 2014 میں چین کا دورہ کیا اور ملک کی قدیم مارکیٹوں کی مقبولیت سے متاثر ہوئے۔ چین کی وسیع صارفین کی صلاحیت اور قیمتی پتھروں میں مقامی محبت کا احساس کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی قیمتی پتھروں سے تیار کردہ مصنوعات کو چینی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ عدنان آرائیں نے پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلی مرتبہ گوانگ ژو اور ہوہاٹ میں منعقد ہونے والی نمائش میں حصہ لیا جس میں اچھی فروخت ہوئی۔ اس کامیابی کے بعد میں نے ہر سال چین میں منعقدہ نمائشوں میں شرکت کرنا شروع کی اور اب تک میں بیجنگ، جینان اور شی آن سمیت 10 سے زائد چینی شہروں میں منعقدہ نمائشوں میں شرکت کرچکا ہوں۔
پاکستانی تاجر چینی منڈیوں میں مزید مواقع کی تلاش میں مصروف



















