لاہور،گوجرانوالہ،گجرات،فیصل آباد،اسلام آباد:(سپیشل رپورٹر،بیورورپورٹ) موریطانیہ کشتی حادثہ تحقیقات میں اہم پیشرفت ،خاتون انسانی سمگلر سمیت2 ملزم گرفتار،تحقیقاتی کمیٹی کی مراکش پرواز،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متاثرین کی فوری اور موثر معاونت کا حکم دےدیا۔
ملزمہ کوگجرات کے نواحی گاوں جھوڑا ،دوسرے سمگلر کو آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر سے گرفتار کیا گیا،خاتون ملزمہ نے دوران تفتیش اپنے اور بیٹوں کے انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا، ملزمہ 3بیٹوں کےساتھ لوگوں کو بیرون ممالک بھیجنے کا کام کرتی تھی ،بیٹا خاور 10 افراد کو لےکر کیرئیر کے طور پر سینیگال گیا،ملزمہ کے موبائل اور بینک اکاونٹ کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے مراکش میں پیش آنے والے کشتی حادثے پر 3 مقدمات درج کرلیے ،پہلا مقدمہ سیالکوٹ کے 2 بھائیوں عرفان اور ارسلان کے اہل خانہ نے درج کرایا،دوسرا مقدمہ گجرات کے رہائشی علی رضا کے اہل خانہ اور تیسرا مقدمہ گجرات کے رہائشی خاورحسن کے اہلخانہ نے درج کرایا ،چاروں ملزم واقعہ کے بعد سے روپوش اور گھروں کو تالے ہیں ،نام سٹاپ لسٹ میں ڈال دئیے گئے۔
ادھرایف آئی اے کے 20 اہلکاروں کےخلاف تحقیقات شروع کردی گئیں،اہلکاروں کی جانب سے کشتی حادثہ کے متاثرین کی ایئرپورٹ پر مبینہ کلیئرنس کی گئی،فیصل آباد،کراچی،لاہورائیرپورٹ کے اہلکار شامل ہیں، ترکیہ ، لیبیا کے بعد ماریطانیہ انسانی سمگلنگ کا تیسرا اور نیا روٹ ہے۔
انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ نے مارچ 2024 میں ماریطانیہ میں ڈیرے جمائے، ماریطانیہ میں پہلے سیف ہاوس بنے، جون میں لوگوں کو لے جانے کا کام شروع کیا گیا،پاکستان سے ہوائی راستوں سے لوگوں کو سینیگال پھر زمینی راستوں سے ماریطانیہ لیجایا گیا، ماریطانیہ سے سمندری راستے سے مراکش اور پھر سپین کے جزیرہ کشتی کی منزل تھا۔
مزید برآں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ اور داخلہ کے حکام کو مراکش کشتی حادثے کے متاثرین کی فوری اور موثر معاونت کا حکم دےدیا،ہدایات افغان باشندوں کی وطن واپسی کے معاملے پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی گئیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی ٹیم مراکش بھیج دی گئی،کمیٹی 3 سے 4 روز مراکش میں قیام کرے گی،ایف آئی اے، وزارت داخلہ، خارجہ اور انٹیلی جنس بیورو کاایک ایک افسر شامل ہے۔
کشتی سانحہ،خاتون انسانی سمگلر سمیت2 ملزم گرفتار،تحقیقاتی کمیٹی کی مراکش پرواز

















