ریاض (مشرق نیوز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شہر کے شاہی کمیشن نے ریاض ریلوے پروجیکٹ کے اورنج ٹریک - مدینہ روڈ کوریڈور کے باقاعدہ آپریشنل ہونے کا اعلان کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ ٹریک ریاض شہر کے مشرق کو اس کے مغرب سے جوڑتا ہے۔ یہ ٹریک ایک طرف مغرب میں جدہ روڈ تک اور دوسری طرف مشرقی رنگ روڈ پر مشرق میں خشم العان کے علاقے کے بالمقابل آخری اسٹیشن تک ہے۔ اس ٹریک کی کل لمبائی 41 کلومیٹر ہے۔ اس طرح ریاض ٹرین نیٹ ورک کے ترتیب وار تمام ٹریکس پر ریل گاڑیوں کو آپریشن کردیا گیا ہے۔اورنج ٹریک پانچ اہم سٹیشنوں پر مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ان میںجدہ روڈ اسٹیشن، طویق اسٹیشن، الدوح اسٹیشن، ہارون الرشید روڈ سٹیشن اور النسیم سٹیشن شامل ہیں۔دوسری طرف ریاض شہر کے شاہی کمیشن نے بلیو ٹریک - العلیا البطحا روڈ کوریڈور پر تین نئے اسٹیشن چلانے کا اعلان کیا۔ ان نئے سٹیشنوں میں المروج ، بینک البلاد اور کنگ فہد لائبریری اسٹیشن شامل ہیں۔ریاض ٹرین نیٹ ورک کے تمام چھ روٹس کا آپریشن ریاض شہر کے کچھ حصوں کے درمیان رابطے کوبہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہو رہا ہے۔اس سے رہائشیوں اور زائرین کیلئے آمدورفت کو نئی سہولت ملی ہے۔ اس سروس کے ذریعے شہری 6:00 بجے سے رات 12:00 بجے سفر کرسکتے ہیں۔صارفین درب ایپلیکیشن کے ذریعے ریاض ریلوے پروجیکٹ کے مختلف روٹس کی تفصیلات کی جان کاری کے ساتھ ساتھ ٹکٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسافروں کو سیلز آفسز یا ٹرین اسٹیشنوں پر سیلف سروس مشینوں کے ذریعے، یا بینک اور کریڈٹ کارڈز، فونز اور سمارٹ ڈیوائسز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے ٹکٹس جاری کئے جا سکتے ہیں۔
ریاض ریلوے پروجیکٹ کے تمام ٹریکس پر ٹرین آپریشن مکمل کرلیا گیا

















