پنجاب کے رہائشی اپنی گاڑیوں کی صوبے میں ہی رجسٹریشن کے پابند ہونگے: مجتبیٰ شجاع

لاہور (اپنے رپورٹر سے)پنجاب کے رہائشی اپنی گاڑیوں کی پنجاب میں رجسٹریشن کے پابند ہوں گے، پراپرٹی ٹیکس کی مد میں متعارف کروائی جانے والی اصلاحات کا مقصد نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہو گا ،پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والوں پر بوجھ میں اضافہ نا قابل قبول ہو گا، میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے خالصتا میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنائے جائیں گے ، مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961ءکے تحت نکاح کے وقت خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، نکاح فارم فل کرنے والوں کیلئے کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک تجویز کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ پنجاب ،دربار ہال میں قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی اور نجکاری کے13ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔ صوبائی وزیر نے پراپرٹی ٹیکس کے ویلیو ایشن سسٹم کی رینٹل ویلیو سے کیپٹل ویلیو پرمنتقلی اور موٹر وہیکل آرڈینیس 1965ءکے سیکشن 24میں ترامیم کو معقول قرار دیتے ہوئے محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس سسٹم میں۔ مزکورہ اصلاحات کی موزوں انداز میں وضاحت کریں تاکہ سٹیک ہولڈر کے تحفظات کو دور کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کیا کہ پراپرٹی ٹیکس کے ویلیو ایشن سسٹم میں تبدیلی وصولیوں کے عمل کو سادہ اور شفاف بنائیگی ۔اس سسٹم کے تحت ٹیکس دہندگان اپنے واجب الادا ٹیکس کا با آسانی تخمینہ لگا سکیں گے۔ سسٹم کے تحت پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو کوئی پریشانی نہیں اٹھانی پڑیگی تاہم نئے ٹیکس پیئر ز کی سسٹم میں شمولیت سے صوبائی وسائل میں اضافہ ممکن ہوگا۔ اجلاس کے دیگر شرکا میں صوبائی وزیر برائے قانون و کمیونیکیشن اینڈ ورکس ملک صہیب بھرتھ ، وزیر برائے لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی شریک تھیں ۔ عظمیٰ بخاری نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961کے تحت مسلم فیملی رولز کی تشکیل کے دوران خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نکاح خواں اور رجسٹرار کی تعلیمی قابلیت اور نکاح نامے کی تمام شقوں کی ضرورت اور اہمیت سے آگاہی ضروری ہے۔ اجلاس میں سرکاری زمین کے تصرف اور فروخت کے عمل کو شفاف اور موثر بنانے کیلئے پالیسی کی تشکیل اور مروجہ پالیسی ، اسٹامپ ایکٹ 1899، موٹرسائیکلوں کی انسپیکشن اور سرٹیفیکیشن کے قوانین، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ءمیں مجوزہ ترامیم اور پنجاب ہندو میرج رولز 2024کی اصولی منظوری بھی دی گئی ۔جو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ملک صہیب بھرتھ نے موٹر سائیکلوں کی انسپکشن اور سرٹیفیکیشن کے ذریعے ٹریفک قوانین کی پاسداری اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے جبکہ ذیشان رفیق نے بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات میں مضبوطی اور استعداد کار میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں میڈیکل کالجز اور ہسپتالوں کیلئے مینجمنٹ بورڈز کی تشکیل اور میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی داخلہ پالیسی بھی زیر بحث لائی گئی۔