پنجاب حکومت کی طرف سے ادویات کی پہلی کھیپ پاراچنار بھجوا دی: خواجہ سلمان رفیق
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ادویات کی پہلی کھیپ پارا چنار بھجوا دی گئی ہے۔ادویات کا انتظام صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کی نگرانی میں کیا گیا جبکہ محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب نے خصوصی طور پر ایئر ایمبولینس بھجوائی۔ صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب اس مشکل وقت میں پارا چنار کے لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔ائیر ایمبولینس سروس کے ذریعے زندگیاں بچانے والی ادویات پارا چنار پہنچا رہی ہے۔ پارا چنار سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے بہتر علاج کیلئے مریضوں کو راولپنڈی بھی منتقل کریں گے۔ پارا چنار سے مریضوں کی دیگر سرکاری ہسپتالوں میں منتقلی کی مانیٹرنگ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر خود کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیرنے کہاکہ پارا چنار کی دکھی انسانیت کیلئے خدمات حاضر ہیں۔ حکومت پنجاب پارا چنار کی دکھی انسانیت کی آواز پر تمام خدمات فراہم کر رہی ہے۔ دریں اثناءمحکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن نے محکمانہ پرموشن کمیٹی کے ذریعے گریڈ16کی 252چارج نرسوں کوگریڈ 17میں ہیڈ نرس کے عہدے پر ترقیاں دے دیں۔ محکمانہ پرموشن کمیٹی کے ذریعے گریڈ 17کی41نرسنگ انسٹرکٹرز کو گریڈ18میں چیف نرسنگ انسٹرکٹرز کے عہدے پر ترقیاں دے دی گئی ہیں۔ محکمانہ پرموشن کمیٹی کے ذریعے گریڈ 16کی2نرسنگ آفیسرز کو گریڈ17میں ترقیاں دیدی گئی ہیں۔ پری پروونشل سیلیکشن بورڈ1 کے ذریعے گریڈ 19کی05نرسنگ آفیسرز کو گریڈ20میں ترقیوں کیلئے کلئیر کر دیا گیا۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے ریکارڈ ترقیاں انتہائی خوش آئند ہیں۔ حکومت پنجاب نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لا رہی ہے۔نرسنگ شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ نرسوں کی ریکارڈ ترقیوں کیلئے سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، سپیشل سیکرٹری طارق محمود،ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ امیر محمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔



















