لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) پولیس کے متعدد کرپٹ ملازمین نے فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پر مختلف ناموں سے آئی ڈی بنا لیں جس پر لاہور کے مختلف علاقوں کا حوالہ دیکر جس میں مہنگے موبائل کم ریٹ میں ملنے یا ڈانس پارٹی کا ایڈ لگایا جاتا ہے کہ مہنگے موبائل سستے داموں خریدنے یا ڈانس پارٹی انجوائے کرنے کیلئے رابطہ کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب کوئی نوجوان فیس بک اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بنے ان جعلی اکاونٹ میں ڈانس پارٹی یا موبائل کا ایڈ دیکھ کر رابطہ کرتا ہے تو اسے واٹس ایپ نمبر رابطہ کرنے کیلئے دیا جاتا ہے اور اسے ڈانس پارٹی کی ویڈیوز اور مہنگے موبائلز کی تصاویر بھیج کر شہر کی مختلف جگہوں پر بلایا جاتا ہے۔ جب کوئی نوجوان انکی بتائی جگہوں پر پہنچتا ہے تو اسے حراست میں لیکر نامعلوم جگہ پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا پھر انکے ہاتھ شاپر پکڑا کر کہا جاتا ہے کہ ”اعتراف کرو میرا نام یہ ہے اور یہ میرا شاپر ہے، مجھ سے غلطی ہوئی ہے، آئندہ اس طرح کا کام نہ کروں گا، مجھے معافی دی جائے“ اور اس دوران پولیس والے ویڈیو بناتے رہتے ہیں۔ کچھ دیر بعد ایک اور اہلکار آکر ان نوجوانوں کو نائن سی اور چوری کے موبائل خریدنے کے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکی دیکر لاکھوں روپے رشوت کی ڈیمانڈ کرتا ہے۔ اگر کوئی نوجوان ایسا کرنے سے انکار کرے تو اسے کہا جاتا ہے جو شاپر ہم نے تم کو پکڑایا تھا اس میں منشیات یا چوری کے موبائل تھے۔ ویڈیو ہم نے بنالی ہے جس میں تم خود اقرار کر رہے ہو۔ معاملات طے ہونے کی صورت میں انکو چھوڑ دیا جاتا ہے اور انکو دھمکی دی جاتی ہے کہ اگر کہیں شکایت کی تو تمہاری ویڈیو ہمارے پاس ہے ہم تمہیں مختلف تھانوں میں منشیات فروشی، چوری، ڈکیٹی، اغوا کے مقدمات میں یا کسی نہ معلوم ایف آئی آر میں تم کو نامزد کروا دیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے جس سے ڈیل طے نہ ہو اس پر بوگس کاروائی ڈال دی جاتی ہے، نوجوان ڈر کے مارے کسی کو شکایات بھی درج نہیں کرواتے کہیں جھوٹے مقدمات میں نہ پھنسا دیا جائے۔ شہری و سماجی حلقوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے پولیس کی اس بوگس کاروائیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور پولیس ،کرپٹ اہلکارجعلی کارروائیاں ڈالنے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال میں ملوث

















