امراض قلب کی تشخیص کے بعد ملازمین کا علاج کروایا جائیگا:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر نجی میڈیکل فلاحی ادارے کے تعاون سے سنٹرل پولیس آفس میں امراض قلب کی تشخیص کیلئے کارڈیو وسکولر سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس ملازمین کے بلڈ پریشر، شوگر سکریننگ، کنسلٹنٹیشن کروائی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کارڈیو وسکولر سکریننگ کیمپ کا دورہ کیا اور پولیس ملازمین کی ہارٹ سکریننگ کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے سکریننگ بارے گفتگو کی اور کیمپ میں نجی فلاحی ادارہ کی طرف سے پولیس ملازمین کو ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ امراض قلب کی تشخیص کے بعد ملازمین کا علاج معالجہ کروایا جائیگا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صحت کے مسائل سے دوچار ملازمین کو علاج معالجے کیلئے رواں سال 25 کروڑ 25 لاکھ روپے دیئے گئے ہیں۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب پولیس شہداءکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہیں، اسی سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا ہے۔ کانسٹیبل ارشاد شہید کے اہل خانہ کو شہید کوٹے کے تحت ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیاگیا ہے۔ شہید کے اہل خانہ کو انکی پسند کے مطابق خواجہ ٹاو¿ن رحیم یار خان میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ کانسٹیبل ارشاد نے پچھلے سال نومبر میں جام شہادت نوش کیا۔ کانسٹیبل محمد ارشاد شہید کے لواحقین میں اہلیہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او کمپلیکس ملتان آفس کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب کامران خان، آر پی او ملتان کیپٹن ریٹائرڈ سہیل چوہدری، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، سی پی او ملتان اور سی ٹی او سمیت سینئر افسران ہمراہ تھے۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او آفس، ایس ایس پی آپریشنز و انوسٹی گیشن آفسز، آرگنائزڈ کرائم یونٹ ملتان، پولیس خدمت مرکز، سی ٹی او آفس، ٹریفک پولیس کے ایف ایم ریڈیو سٹیشن اور دفاتر کے بھی دورے کئے۔ آئی جی پنجاب نے نئے دفاتر میں عملے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس افسران و عملے سے گفتگو کی، ورکنگ انوائرمنٹ اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے استفسار کیا۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او کمپلیکس ملتان و دیگر دفاتر کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور سہولیات کے معیار کو سراہا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے مزین دفاتر میں شہریوں اور سائلین کو بہترین سہولیات اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔