ہارٹ اٹیک مریض کو ہنگامی بنیادوں پر تمام سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے: ڈاکٹر شعیب اسلم

لاہور ( میاں ساجد) پی آئی سی کا ایمرجنسی یونٹ 24 گھنٹے فعال، مستعدعملہ، ڈاکٹر ز، نرسنگ سٹاف اپنے فرائض کی ادائیگی میں لمحہ کی تاخیر نہیں کرتا، مریضوں کے داخلہ سے لیکر انکے علاج تک مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا پنجاب حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر شعیب اسلم نے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کیلئے پیش نظر پی آئی سی کی ایمرجنسی میں قائم اکاونٹرز اور مریض کے چیک اپ کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں۔ ہارٹ اٹیک مریض کو ہنگامی بنیادوں پر تمام سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ الحمداللہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہمارے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور نامور سرجنوں کی ٹیم فرض کو ادا کرنے میں مصروف عمل ہے اور یہ اعزاز جو پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو حاصل ہے کہ یہاں کارڈیک سرجری کا شعبہ اپنی مثال آپ اور پاکستان کے سب بڑے کارڈیک سرجیکل مراکز میں سے ایک ہے۔ ہماری اعلیٰ تعلیم یافتہ اور نامور سرجنوں کی ٹیم ہر سال دل کے 2000 سے زیادہ آپریشن کرتی ہے جس میں بچوں اور بڑوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ ہم دل کی شریانوں کی بیماری، دل کے والو کی بیماری، دل کے پیدائشی نقائص کیلئے سرجری، دل کے ٹیومر یا دل کے آس پاس کی بیماریوں کیلئے بہترین، جدید ترین جراحی علاج فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے۔ڈاکٹر شعیب اسلم نے مزید کہا کہ پی آئی سی میں دل کے مرض مبتلا مریض کی آمد کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے بعد ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز انہیں ہنگامی طبی امداد کی فراہمی اور تشخیصی خدمات میں پیش پیش ہے۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی میں 200 بستروں پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک جدید ترین سہولیات کے ساتھ آراستہ ہے۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا کارڈیک ایمرجنسی بلاک ہے۔ جس کو، کارڈیک مانیٹر، ای سی جی مشینیں، ایکس رے، ایکو کارڈیوگرافی، ڈیفبریلیٹرز اور عارضی پیس میکر جیسے جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی بلاک میں دو جدید ترین انجیو گرافی مشینیں نصب کی گئی ہیں اور ایمرجنسی مریضوں کو بنیادی انجیو پلاسٹی کی سہولت فرا ہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ دل کی ہر قسم کی ایمرجنسی کا علاج ایک ہی چھت کے نیچے چوبیس گھنٹے کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انکی سکریننگ، تشخیص، انتظام کو بڑی ذمہ داری کے ساتھ ادا کیا جا رہا ہے۔ مریضوں کی دیکھ بھال اور کنسلٹنٹس کی ٹیم چوبیس گھنٹے مشاورت کیلئے دستیاب ہے جبکہ سینئر رجسٹرار دل کے مریضوں کی عیادت کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا پی آئی سی میں علاج اور ادویات کو فری فراہم کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ایم ایس PIC ڈاکٹر شعیب اسلم نے بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی پاکستان کا وہ مصروف ترین شعبہ ہے جس میں بالغوں کے امراض قلب، اطفال کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری کیلئے روزانہ کلینک کی مناسب سہولیات موجود ہیں۔ ای سی جی، ای ٹی ٹی اور پتھالوجی کلیکشن پوائنٹ او پی ڈی میں مریضوں کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ میڈیکل کنسلٹنٹ اعلیٰ تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ OPD میں ڈیوٹی پر مامور ہیں OPD میں روزانہ تقریبا 2000 مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔