لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذیشان طارق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں سرجیکل انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔چیئرمین سیماب نے سرجیکل انڈسٹری کیلئے علیحدہ انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کی تجویز دی اور کہا کہ عالمی معیارات پر پورا اترنے کیلئے سرجیکل انڈسٹری کیلئے الگ انڈسٹریل سٹیٹ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ سرجیکل انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق خواتین ورکرز کیلئے جدید کورسز متعارف کروائے جائیں۔وفد کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ سیالکوٹ میں مجوزہ سرجیکل سٹی کے قیام میں حائل رکاوٹیں جلد دور کی جائیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد کی سرجیکل انڈسٹری کیلئے الگ انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آلات جراحی کی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔سرجیکل انڈسٹری کو ایک جگہ منتقل کرنے کیلئے علیحدہ انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سرجیکل انڈسٹری کی مشاورت سے سیالکوٹ میں ٹیوٹا کے ادارے کوا پ گریڈ کیا جائیگا اور انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق خواتین ورکرز کیلئے کورسز بنائے جائیں گے۔
سرجیکل انڈسٹری کیلئے الگ انڈسٹریل سٹیٹ ناگزیر ہے :صوبائی وزیر صنعت و تجارت



















