پاکستان پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کو تیار، مہنگائی کی شرح 4 فیصد تک آگئی: احسن اقبال

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کو تیار ہے، مہنگائی کی شرح 4 فیصد تک آ گئی ہے ،ہمیں پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک ٹیکنو اکانومی کے طور پر پیش کرنا ہے،حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں انجینئرز اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریگی۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ ایلومینائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک میں توانائی، موٹرویز اور ٹیکنالوجی کے بڑے منصوبے مکمل کئے ،پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، ملکی تاریخ میں ہمارے دور حکومت میں جتنی سرمایہ کاری آئی اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر ملک میں سیاسی اختلافات ہوتے ہیں لیکن کوئی بھی ملک قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کیلئے بیرونِ ملک اپنی بدنامی نہیں کرتا، ہمیں ایک قوم بن کر چلنا اور اختلافات کو ختم کر کے ترقی کی طرف بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے پیچھے ایک معاشی وژن تھا لیکن 77 سال گزرنے کے باوجود ہم اس وژن کو حقیقت میں تبدیل نہ کر سکے، ہمسایہ ممالک سے موازنہ کرتے ہوئے ہمیں اپنی ترقی کی رفتار کو بہتر بنانا ہوگا، پاکستان میں نہ تو صلاحیت کی کمی ہے اور نہ ہی ذہانت کی لیکن ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 2047 کا ہدف رکھ کر اپنی حکمت عملی بنانی ہوگی، جس ملک میں سیاسی انتشار اور دھرنے ہوں، پالیسیوں کا تسلسل نہ ہو وہ ملک ترقی نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں اور انجینئرز کا ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ہے۔ اگر ایک انجینئر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا سکتا ہے تو وہ ملک کو دنیا کی پہلی 10 معاشی طاقتوں میں بھی شامل کر سکتا ہے۔