لاہور:( خبر نگار،کورٹ رپورٹر)پابندی ختم،پنجاب حکومت نے مارکیٹس،ریسٹورنٹس معمول کے مطابق کھلے رکھنے کی اجازت دےدی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آﺅٹ لیٹس کے اوقات پر عائد کی جانےوالی پابندی کو واپس لے لیا گیا،فیصلہ حالیہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے پیش نظر کیا گیا ۔
ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہادکانیں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آﺅٹ لیٹس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اب وقت کی کوئی پابندی نہیں ہو گی،فیصلے کا فوری طور پر لاہور ،ملتان میں اطلاق ہو گا ،تمام متعلقہ محکموں کو آگاہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے مارکیٹوں کا وقت رات 10بجے کرنے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا عدالت میں رپورٹ جمع کرائے بغیر مارکیٹوں کا وقت کیسے تبدیل ہوگیا؟۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے بہت سے پریشر گروپ اور مافیاز ہیں، مارکیٹس کا وقت تبدیل کرنے کا عمل بھی ایسا ہی لگتا ہے،افسروں کو سمجھنا ہوگا سموگ بہت اہم معاملہ ہے ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا مارکیٹوں کے وقت میں تبدیلی کے معاملے کو فوری دیکھ لیتے ہیں،عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی کردی۔
پابندی ختم،مارکیٹس،ریسٹورنٹس معمول کے مطابق کھلے رکھنے کی اجازت



















