پاکستان کو شکست ،بھارت نے 5ویں بار جونیئر ہاکی ایشیا کپ جیت لیا


مسقط(ایم این پی )پاکستان کو شکست ،بھارت نے 5ویں بار جونیئر ہاکی ایشیا کپ جیت لیا۔

فائنل میچ سنسنی خیز و دلچسپ رہا،پاکستان نے میچ کے تیسرے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی،گول حنان شاہد نے کیا لیکن دوسرے ہی منٹ میں بھارت نے حساب برابر کردیا۔

بھارت نے دوسرے کوارٹر میں اوپر نیچے2 گول داغ کر برتری 1-3 کردی،ہاف ٹائم کے اختتام سے قبل پاکستان کی جانب سے سفیان نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ 2-3 کردیا۔

تیسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم گول نہ کرسکی، پاکستانی گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے ،39 ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 3-3 برابر کردیا اور پاکستان میچ میں واپس آگیا۔

آخری کوارٹر میں پاکستان کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن کامیابی نہیں ملی، بھارت نے 47 ویں پھر 54ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 3-5 کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔

بھارت کے ارجیت سنگھ نے4 ، دلراج سنگھ نے ایک گول کیا،پاکستان جونیئر ٹیم میں سینئر ٹیم کے 5 کھلاڑی شامل تھے، سفیان خان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 12 گول کیے۔