وزرا، افسران، اہلکار ذمہ داری سے کام کریں تو آئی ایم ایف سے جان چھوٹ سکتی ہے :شافع حسین

لاہور (کامرس رپورٹر) محکمہ صنعت و تجارت کے زیر اہتمام بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ الفلاح بلڈنگ مال روڈ پر منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین مہمان خصوصی تھے ۔اس موقع پرچینی قونصل جنرل ژاو شیرن ،ترکیہ کے قائم مقام قونصل جنرل علی علباش،جی ایم فلیٹیز ہوٹل نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ ،چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ منتہیٰ اشرف ،چیئرمین ٹیوٹا ساجد کھو کھر ،صدر ایوان صنعت و تجارت لاہور میاں ابوذرشاد اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے دوران بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز اور مریم کی دستک کے مابین اشتراک کا معاہدہ بھی ہوا۔چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خرم مشتاق نے معاہدے پر دستخط کئے۔معاہدے کی رُو سے اب کاروباری سرگرمیوں کے این او سی بذریعہ آن لائن گھر بیٹھے ملیں گے ۔تقریب کے دوران چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ منتہیٰ اشرف نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کو بی ایف سی کا سالانہ میگزین پیش کیا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بی ایف سی کا ایک سال مکمل ہونے پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں قائم 6بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز سے اب تک مختلف کاروباری سرگرمیوں کیلئے 25ہزار این او سی جاری ہوچکے ہیں۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے این او سی کے حصول کیلئے لوگوں کی دفاتر کے چکر لگانے سے جان چھوٹ گئی ہے ۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز میں وفاق کے 5اور 28صوبائی محکمے ایک چھت تلے سہولیات دے رہے ہیں ۔کاروباری سرگرمیوں کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 10دن اور ملکی سرمایہ کاروں کو 15دن میں این او سی مل رہا ہے ۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار وسیع کیا جارہا ہے، انڈسٹریل سٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جا رہا ہے اور صنعتی مراکز کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے ۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ سولر پینلز کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ کیلئے چین کی کمپنی آئکو سے معاہدہ ہوچکا ہے ۔ٹیوٹا کے اداروں کی لیبز اور کورسز کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بچوں کو آئی ٹی کے شارٹ کورسز مفت کروائے جارہے ہیں ۔مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے فالو اپ بے حد ضروری ہے ۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وزراء،سرکاری افسران ،اہلکاران ذمہ داری سے کام کریں تو آئی ایم ایف سے جان چھوٹ سکتی ہے ۔صوبائی سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام ،کارکردگی اور دیگر امور پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا ایک سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔