سموگ میں ٹریفک کا زیادہ کردار، صرف تاجروں کو ہدف نہ بنایا جائے: میاں ابوذر شاد

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں صدر میاں ابوذر شاد کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیاہے۔ یہ اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا جس میں سموگ، صنعتی شعبے کیلئے موسم سرما کے بجلی کے پیکیج، مارکیٹ کے اوقات کار، ای پی اے اور ایف آئی اے کے نوٹسز، آنے والی آٹو پالیسی، برآمد کنندگان کے ریفنڈز، فریٹ فارورڈرز کے مسائل اور انتظامیہ کی طرف سے احتجاج روکنے کیلئے گاڑیاں پکڑنے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کاروباری طبقے کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابل عمل تجاویز پیش کیں۔لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی نے لاہور اور پنجاب کے وسیع تر علاقے کو متاثر کرنے والے شدید سموگ بحران پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف صحت کے مسائل پیدا ہورہے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں لہٰذا موثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ سموگ میں سب سے زیادہ 83فیصد سے زائد حصہ ٹریفک ہے لہٰذا تاجروں کو ہدف نہ بنایا جائے۔ مارکیٹوں کے اوقات کار مختلف اور لچکدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور صارفین کو سہولت ملے۔ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کہا کہ موسم سرما میں انڈسٹری کیلئے بجلی کے نرخوں کا خصوصی پیکیج دیا جائے تاکہ پیداواری اخراجات میں کمی اور کم طلب کے موسم میں کام کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔ سستی بجلی پاکستان کے صنعتی شعبے کیلئے اہم ہے۔ایل سی سی آئی کے عہدیداروں نے کہا کہ صنعتی کاروباروں کو حالیہ دنوں میں ای پی اے اور ایف آئی اے کی طرف سے بڑھتے ہوئے ریگولیٹری نوٹسز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایل سی سی آئی نے زور دیا کہ اگرچہ ماحولیاتی ضوابط کی پابندی ضروری ہے لیکن ان ایجنسیوں سے تعاون اور سپورٹ بھی حاصل ہونی چاہیے تاکہ کاروباروں کو غیر ضروری رکاوٹوں کے بغیر ترقی حاصل ہو سکے۔لاہور چیمبر نے آنے والی آٹو پالیسی میں مقامی مینوفیکچررز کیلئے خصوصی مراعات کا مطالبہ کیا تاکہ پاکستان عالمی سطح پر پہچان بناسکے۔ متوقع آٹو پالیسی میں مقامی مینوفیکچرنگ، روزگار کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے مراعات فراہم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں کہا کہ برآمد کنندگان کے ریفنڈز جلد جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ تجارتی سامان والی گاڑیوں کو بھی پکڑ لیتی ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں اور سپلائی چین متاثر ہوتی ہے۔ ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکلوں کی منتقلی پر عائد کئے گئے بھاری لیٹ پیمنٹ چارجز پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔