معاشی اصلاحات پرعملدرآمد کیے بغیر کوئی چارہ نہیں،اورنگزیب

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر چین کاجواب حوصلہ افزا، معاشی اصلاحات پرعملدرآمد کیے بغیر کوئی چارہ نہیں۔

واشنگٹن میں ڈائریکٹرآئی ایم ایف سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے،پنشن کی ذمہ داری پاکستان کیلئے بڑا مسئلہ ہے، وفاقی حکومت کے اخراجات کا حجم بھی کم کیا جا رہا ہے، امداد کی بجائے سرمایہ کاری پر انحصار کرنا چاہتے ہیں، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہوگی۔

دریں اثناجی 24 وزرا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا ترقی پذیر ممالک پر قرضوں کے زیادہ بوجھ کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک درپیش ماحولیاتی تبدیلیوں پرملکر کام کریں۔

علاوہ ازیںوزیر خزانہ کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے موقع پر سعودی ہم منصب سے ملاقات بھی ہوئی،اہم شعبوں میں سرمایہ کاری آسان،تجارت اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا،سٹی بینک کے وفد سے ملاقات میںتوانائی، پنشن اور حکومتی رائٹ سائزنگ شعبوں میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید برآںبلوم برگ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاچین نے توانائی شعبے کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کی درخواست پر حوصلہ افزا جواب دیا، مذاکرات کے لحاظ سے ابھی ابتدائی ایام ہیں،ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو جاری رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ،کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں ،نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کےلئے موافق ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے،کئی وزارتیں اور ڈیڑھ لاکھ وفاقی آسامیاں ختم کرکے حکومتی اخراجات میں کمی لائی جارہی ہے۔

اورنگزیب نے کہاپاکستان جولائی 2025 سے ریٹیل ،زراعت جیسے شعبوں سے ٹیکس جمع کرنے کا خواہاں ہے، صوبائی حکومتیں زرعی شعبے میں قانون سازی کریں گی،سٹیٹ بینک 4 نومبر کو ہونےوالے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کرسکتا ہے۔