حسن نصر اللہ کاجسد خاکی مل گیا،پاکستان سمیت متعدد ممالک میں احتجاج

بیروت،تل ابیب،عراق،ایران،لاہور،اسلام آباد،کوئٹہ،پشاور:(مشرق نیوز،رپورٹنگ ٹیم)حسن نصر اللہ کاجسد خاکی مل گیا،حزب اللہ سربراہ کی شہادت پر متعدد ممالک میں احتجاج ،پاکستان بھر میںغائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جسد خاکی تباہ حال ملبے کی عمارت سے ملا،حسن نصراللہ کے جسم پر کسی بڑے زخم کا کوئی نشان نہیں، موت دھماکے کی شدت سے ہوئی،نماز جنازہ کااعلان جلد کیاجائےگا۔

دریں اثنا حسن نصراللہ کی شہادت پرپاکستان ، ایران، عراق اور لبنان سمیت مختلف ممالک میں احتجاج کیا گیا،تہران میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ لیا جانا چاہیے، لازم ہے مسلم ممالک ایک ہوں اور ڈٹ کر اپنی بات دنیا کے سامنے رکھیں،عراق میں حزب اللہ سربراہ کی شہادت پر شہریوں نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، احتجاجی مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کا گھیراو کیا،اندر جانے سے روکدیا گیا۔

ادھر لاہور ،کراچی،کوئٹہ،اسلام آباد،پشاور سمیت ملک بھر میں شہید کی غا ئبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی،احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دیتے ہوئے کہامشن ابھی مکمل نہیں ہوا، آنے والے دنوں میں مزید کچھ ہوگا،حسن نصر اللہ نے ہمیں آسانی سے شکار ہوجانے والی مچھلی کہا لیکن خود کو فولاد کا تار ثابت کیا۔

نیتن یاہونے حزب اللہ کے سربراہ کو عظیم تخریب کار قرار دینے کی ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا خطے میں طاقت کے توازن کےلئے حسن نصر اللہ کو مارنا ضروری تھا،اسرائیل کےلئے خطرہ بننے والے باب کو ہمیشہ کےلئے بند کردیا ابھی صرف ایک مقصد پورا ہوا لیکن مشن باقی ہے، آنے والے دن مزید کچھ ایسا ہی لے کر آئیں گے۔

اپنے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے ،اسرائیلی حملے ایران سمیت مشرق وسطی کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنا سکتے ہیں، پورے مشرق وسطیٰ نے اسرائیل کی طاقت تسلیم کرلی ،مزید برآں اسرائیلی فوج کے کمانڈر نے دھمکی دی حزب اللہ کے نئے سربراہ کو بھی نشانہ بنائیں گے، یرغمالیوں کی رہائی اور یہودیوں کی آبادکاری تک جنگ جاری رہے گی۔