واپڈا سی ایم ٹی ایل میں جدید ترین مشینیں اور گیجٹس شامل کر رہا ہے: لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی

لاہور (خبرنگار) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر) اور وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کاCMTL کا دورہ کیا جہاں پاکستان میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ٹرائی ایکسیل مشین واپڈا کی سینٹرل میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری (سی ایم ٹی ایل) میں کامیابی کے ساتھ فعال ہو گئی ۔ٹیکنیکل سروسز ڈویژن واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے تعاون سے مشین کو آپریشنل کیا۔ یہ مشین میگا ڈیموں اور پن بجلی منصوبوں کی بنیاد کیلئے چٹانوں کی جیو ٹیک ٹیسٹنگ کیلئے بنائی گئی ہے۔ اس موقع پر یو ای ٹی کے پرو وائس چانسلر، ڈین فیکلٹی آف مکینیکل انجینئرنگ، چیئرپرسن سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر سینٹر آف ایکسی لینس ان واٹر ریسورسز انجینئرنگ، واپڈا کے ممبر (واٹر)، جی ایم (ٹیکنیکل سروسز) اور جی ایم (سی اینڈ ایم) واٹر بھی موجود تھے۔چیئرمین نے وائس چانسلر کے ہمراہ راک مشین لیب، سوائل مکینک لیب اور سیمنٹ اور کنکریٹ لیب کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ وہاں دستیاب ٹیسٹنگ کی سہولیات دیکھیں۔یو ای ٹی کے وائس چانسلر اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیئرمین نے بڑے پیمانے پر ٹرائی ایکسیل مشین کو فعال بنانے پر ٹیکنیکل سروسز ڈویڑن واپڈا کو سراہا۔ اپنی ترجیحات کے بارے میں بتاتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ واپڈا CMTL میں جدید ترین مشینیں اور گیجٹس شامل کر رہا ہے، اس کے علاوہ موجودہ ٹیسٹنگ آلات کو ری ویمپنگ اور ڈیجیٹلائز کر رہا ہے تاکہ میگا پراجیکٹس میں استعمال ہونیوالے ہر قسم کے مواد کیلئے پاکستان میں ٹیسٹنگ کی جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یو ای ٹی کے وائس چانسلر نے پراجیکٹس کی تعمیر میں تحقیق اور عمدہ کارکردگی کیلئے صنعت اور اکیڈمی کے روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہم واپڈا میں انسانی فکری سرمائے کو بڑھانے کیلئے واپڈا کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔بات چیت کے دوران چیئرمین واپڈا اور وائس چانسلر یو ای ٹی نے یو ای ٹی میں واپڈا چیئر کے قیام اور واپڈا افسران/ سکالرز کیلئے یو ای ٹی میں اعلیٰ تعلیمی سطح پر ضرورت پر مبنی کورسز تیار کرنے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ یو ای ٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران پر مشتمل ایک وفد واپڈا کے میگا پراجیکٹس دیامر بھاشا ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور مہمند ڈیم کا دورہ کرے گا تاکہ وہاں بین الاقوامی کنسلٹنٹس اور معروف ماہرین کی زیر نگرانی تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا جا سکے۔قبل ازیں جی ایم (ٹیکنیکل سروسز) نے چیئرمین اور وائس چانسلر کو بڑے پیمانے پر ٹرائی ایکسیل مشین کی اصلاح کے بارے میں بریف کیا۔ چیئرمین نے جی ایم (ٹیکنیکل سروسز) کو ہدایت کی کہ وہ سی ایم ٹی ایل میں تجارتی منصوبوں کو بڑھانے کے امکانات تلاش کریں۔