انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بچے کو قطرے پلانے سے نہیں چھوڑیں گے :عائشہ رضا فاروق
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر اور دسمبر میں ملک بھر میں پولیو کے قطرے پلانے کی دو مہمیں منعقد کی جائیں گی تاکہ پاکستان بھر میں خاص طور پر لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کے قطرے پلائے جا سکیں۔ اپنے ایک انٹر ویو میں انہوں نے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مہم کے دوران ملک میں کسی بھی بچے کو پیچھے نہ چھوڑنے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اکتوبر اور دسمبر میں دو ملک گیر پولیو ویکسی نیشن مہمات کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے پولیو کے خلاف اجتماعی کارروائی کےلئے آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پولیو کیسز میں غیر معمولی اضافے کا سامنا ہے، جس کیلئے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے۔ عائشہ رضا فاروق نے کمیونٹی کی شمولیت اور آگاہی کو بڑھانے کیلئے حکومت کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، جو پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا س نازک موڑ پر آنے والی نسلوں کو اس خطرناک بیماری سے بچانے کیلئے اجتماعی اقدام کی ضرورت ناگزیر ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ، مذہبی سکالرز اور میڈیا کے نمائندے پولیو کیسوں میں خطرناک حد تک اضافے کا مقابلہ کرنے اور ویکسین کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پولیو کے خاتمے، ویکسی نیشن مہموں اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے خاطر خواہ وسائل مختص کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، وفاقی اکائیوں کے ساتھ مل کر، پولیو کے خاتمے کیلئے ایک کثیر جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے جس سے نگرانی میں اضافہ ہوگا اور ویکسین کی قبولیت کو فروغ دینے کیلئے کمیونٹیز کو شامل کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر بچے کو حفاظتی ٹیکے لگائے جانے کو یقینی بنانے کیلئے گھر گھر مہم اور مستقل ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں اور خاص طور پر زیادہ خطرہ والے علاقوں میں اس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ مزید برآں، غلط فہمیوں اور غلط معلومات کو دور کرنے کی کوششیں کی بھی جا رہی ہیں جن کی وجہ سے کچھ کمیونٹیز میں ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ پیدا ہوتی ہے۔



















