ریسکیورز کو ٹائیویک سوٹس فراہم کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے مشکور ہیں:خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ریسکیو 1122 شمع آفس میں ریسکیورز کے درمیان ٹائیویک سوٹس تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر زرفشاں طاہر، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ اور انچارج عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر جمشید سمیت ڈاکٹر یحییٰ گلزار اور ریسکیورز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میاں شہباز شریف نے ریسکیو موٹر سائیکل سروس کا آئیڈیا ترکی سے لیا تھا جو کہ کامیابی سے چل رہا ہے۔ ریسکیو موٹر سائیکل سروس بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ ہمارے ریسکیورز کو ٹائیویک سوٹس فراہم کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے شکر گزار ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جا چکا ہے،موٹروے پر ہر 30 کلومیٹر پر ریسکیورز شہریوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کیلئے موجود ہوں گے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دی گئی پروٹیکٹو سوٹس اور کٹس منکی پاکس روکنے کا باعث ہوگا۔ ریسکیو کے جوان پنجاب بھر میں دلیری، بے خوفی سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ہمارے نوجوان ریسکیورز کی خدمات عالمی سطح پر بھی سراہی جا رہی ہیں، صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیرنے منکی پاکس کی روک تھام کیلئے ریسکیو 1122 کے نوجوانوں میں سوٹس اور پی سی آر کٹس تقسیم کرنے پر عالمی ادارہ صحت کا شکریہ ادا کیا۔خواجہ عمران نذیرنے ایمرجنسی صورتحال میں ریسکیورز کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔خواجہ عمران نذیرنے اپیل کی کہ نوجوان ریسکیورز کے مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے۔