پنجاب پولیس کی دریائی چیک پوسٹوں کا دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ہے :سلطان چوہدری

لاہور (کرائم رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی تمام دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن اور دیکھ بھال کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک اجلاس میں موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ پنجاب پولیس کی دریائی چیک پوسٹوں کا دہشت گردوں، شر پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی میں اہم کردار ہے، تمام دریائی چیک پوسٹوں کو مرحلہ وار سولر انرجی سسٹم، جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے، ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے کہا کہ دریائی چیک پوسٹوں کی دیکھ بھال، انسپکشن و انتظامی امور ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہے۔ ڈی پی اوز ہر ماہ باقاعدگی سے دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن کرکے رپورٹ بھیجیں، ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈی آئی جی پی ایچ پی دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن سمیت تمام امور کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن یقینی بنانے پر ڈی پی او بھکر کو شاباش دی۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری نے ہدایت کی کہ دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کی پروموشن سمیت مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، دریائی چیک پوسٹوں کی بلڈنگز، مستقل مورچوں کی تعمیر و مرمت، کشتیوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی مرمت و اپ گریڈیشن یقینی بنائیں، ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ دریائی چیک پوسٹوں پر چست اور متحرک انچارجز تعینات کئے جائیں، اجلاس میں ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول اطہر وحید، لیہ، رحیم یارخان، بھکر، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، اٹک اور میانوالی کے ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔