ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے سی پیک کے دوسرے مرحلے کا بھرپور آغاز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے سی پیک کے دوسرے مرحلے کا بھرپور آغاز ہوگیا۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ سی پیک کی پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر تیزی سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ان اقتصادی راہداریوں میں انوویشن کوریڈور،لائیولی ہڈ کوریڈور،گرین انرجی کوریڈور، ریجنل ڈویلپمنٹ کوریڈوراورروزگار کی تخلیق کے لئے کوریڈورز شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ،ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ اقتصادی راہداریاں ترقی،ذریعہ معاش، جدت پسندی، سبز توانائی اور علاقائی رابطے پر مرکوز سی پیک فیز IIکا حصہ ہیں۔اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان اور چین نے ان پانچ راہداریوں پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جوپاکستان کے فائیو ایز فریم ورک کے ساتھ منسلک ہیں۔فائیو ایز فریم ورک اقتصادی بحالی کیلئے پانچ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرتا ہے جن میں برآمدات،ای پاکستان، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی، توانائی اورانفراسٹرکچر اورمساوی بنیاد پرنوجوانوں کوبااختیار بنانا شامل ہیں۔سی پیک کے نئے اقدامات کے تحت لائیولی ہڈ کوریڈور کا مقصد آبادی کو اعلیٰ درجے کی سہولیات فراہم کرنا اورروزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔دوسری جانب انوویشن کوریڈور کے تحت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نئے منصوبوں کا آغاز اورنوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارتیں فراہم کرنے پر توجہ دی جائیگی۔سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان کی توجہ صنعتی وتجارتی ترقی اورغیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ پر مرکوز ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری میں ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری ایک محفوظ اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔