سلو اوور ریٹ، پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس سے محروم ہوگیا

راولپنڈی(مشرق نیوز) پنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کیخلاف سلو اوور ریٹ کی وجہ سے پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس کم ہو گئے۔ آئی سی سی کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران پاکستان کو 6 اوورز کم ہونے پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ہے جبکہ میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کو بھی سلو اوور ریٹ پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تین پوائنٹس سے محروم کر دیا گیا جبکہ میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، بنگلہ دیش کے تین اوورز کم پائے گئے۔ پاکستان کے کپتان شان مسعود اور بنگلہ دیش کپتان نجم الحسین شانتو نے مجوزہ سزا کو قبول کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سٹینڈنگ میں آٹھویں نمبر پر برقرار ہے جبکہ تین پوائنٹس کم ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش پانچویں پوزیشن سے ساتویں نمبر پر آگیا، انگلینڈ چھٹے سے چوتھے نمبر پر جبکہ سری لنکا پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔