بنگلہ دیش میں سپریم کورٹ کاگھیراﺅ،طلبا کے الٹی میٹم پر چیف جسٹس ،5ججزمستعفی

ڈھاکہ،لندن:(مشرق نیوز)بنگلہ دیش میں سپریم کورٹ کاگھیراﺅ،طلبا کے الٹی میٹم پر چیف جسٹس ،5ججز،مرکزی بینک کے گورنر اور ڈھاکہ یونیورسٹی کے چانسلر مستعفی،ایک ماہ میں دائر تمام مقدمات واپس لینے ،شیخ حسینہ واجد پر عوام کے قتل کا مقدمہ چلانے کا اعلان،حکومت بدلنے کے بعد اشیائے ضرورت سستی ہوگئیں۔

حکومت سے نجات پانے کے بعد بنگلہ دیش میں احتجاج کا رخ شیخ حسینہ واجد کے حامیوں کی طرف ہوگیا،چیف جسٹس عبید عبید الحسن کی جانب سے فل کورٹ اجلاس بلانے پرہزاروں مظاہرین نے سپریم کورٹ کی عمارت کو گھیرکرججوں کے استعفے کا مطالبہ کیااوردھمکی دی اگر چیف جسٹس نے استعفیٰ نہ دیا تو ججوں کے گھروں پر حملہ کر دیں گے،طلبا نے کہاچیف جسٹس نے حکومت سے مشاورت کے بغیرفل کورٹ میٹنگ کیوں بلائی،شکست خوردہ قوتوں کی کسی سازش کوبرداشت نہیں کیا جائےگا،الٹی میٹم کے بعد چیف جسٹس عبیدالحسن اور 5ججوں نے استعفیٰ دےدیا،عبوری حکومت کے مشیر قانون پروفیسر آصف نذرل نے چیف جسٹس کی جانب سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کردی۔

ادھرمظاہرین نے مرکزی بینک کے گورنر ، ڈھاکہ یونیورسٹی کے چانسلر سمیت متعدد عہدیداروں کوگھر جانے پر مجبور کردیا،استعفے دےدئیے،مستعفی ہونےوالوں میں سربراہ مالیاتی انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ ، مرکزی بینک کے پالیسی مشیر بھی شامل ہیں،ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی فوج کے اہلکاروں نے مستعفی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا اور بینک چھوڑنے میں مدد دی۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی وزارت قانون نے ایک ماہ میں مظاہرین کےخلاف دائر تمام کیسز واپس لینے کا فیصلہ کرلیا،یکم جولائی سے 5 اگست تک دائر تمام مقدمات واپس ہوں گے، فیصلہ نو تشکیل شدہ عبوری حکومت کے پہلے اجلاس میں کیا گیا،نگراں وزیر ناہد اسلام نے معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر عوام کے قتل کا مقدمہ چلانے کا اعلان کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ناہد اسلام نے کہا حسینہ واجد جب بھی واپس آئیں عوام کے قتل کی منصوبہ بندی کا مقدمہ چلے گا۔

دریں اثنا ہسپتال حکام کے مطابق 5 اگست کو حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے دن پرتشدد واقعات میں 232 افراد ہلاک ہوئے،ایک ماہ کے دوران 560 افراد مارے گئے،طلبا تحریک کے مظاہروں ،شیخ حسینہ واجد کے استعفے کے بعد جیل ٹوٹنے کے واقعات میں 12 قیدی ہلاک ،سینکڑوں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید برآںشیخ حسینہ کی معزولی اور عبوری حکومت کے بعد بنگلہ دیش میں معمولات زندگی بحال ہورہی ہے،چند دنوں میں اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ،قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ پولیس اور حکومتی پارٹی کے رہنماو¿ں کی بھتہ خوری رکنے کی وجہ سے ہے۔

علاوہ ازیںشیخ حسینہ واجد کے بیٹے نے کہاہے والدہ نے باضابطہ طور پر استعفیٰ نہیں دیا،آئین کے مطابق ابھی تک بنگلہ دیش کی وزیر اعظم ہیں،برطانوی میڈیاکو انٹرویو دیتے ہوئے سجیب واجد نے کہاوالدہ کو بنگلہ دیش سے روانگی کے وقت استعفیٰ دینے کاموقع ہی نہیں ملا،بیان ریکارڈ کرنے اور استعفیٰ دینے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن مظاہرین نے وزیراعظم کی رہائش گاہ کی طرف مارچ شروع کر دیااگرچہ صدر نے فوجی سربراہوں و اپوزیشن سے مشاورت کرکے پارلیمنٹ تحلیل کر دی لیکن وزیراعظم کے استعفیٰ کے بغیرعبوری حکومت کی تشکیل کو عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔